بھارت

راہول گاندھی چہارشنبہ کو کنیا کماری سے بھارت جوڑو یاترا شروع کریں گے

اس یاترا کا مقصد بھارتیہ جنتا پارٹی اور راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کی 'تقسیم کی سیاست' کی مخالفت کرنا اور 'فاشسٹ بی جے پی راج' کی طرف لوگوں کی توجہ مبذول کرانا ہے۔

چینائی: کانگریس کے سینئر لیڈر اور کیرالہ کے وایناڈ سے لوک سبھا کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی چہارشنبہ کو کنیا کماری کے جنوبی سرے سے پارٹی کی 3500 کلومیٹر طویل 150 روزہ ‘بھارت جوڑو یاترا’ کا آغاز کریں گے۔ جس میں بڑی تعداد میں کانگریس کارکنان شرکت کریں گے۔

تمل ناڈو پردیش کانگریس کے ذرائع کے مطابق پارٹی نے یاترا کو آزاد ہندوستان میں اب تک ایک بے مثال عوامی رسائی پروگرام کے طور پر پیش کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق راہول گاندھی منگل کی رات 10.30 بجے چنئی پہنچیں گے اور کنیا کماری سے سری نگر کے سفر کے لیے شہر میں رات گزاریں گے۔

راہول گاندھی کل صبح ریاستی کانگریس صدر کے ایس الاگیری، پارٹی کے سینئر لیڈروں بشمول ایم پی، ایم ایل ایز اور دیگر عہدیداروں کے ساتھ شہر سے تقریباً 40 کلومیٹر دور سری پرمبدور میں اپنے والد اور آنجہانی وزیر اعظم راجیو گاندھی کی یادگار پر جائیں گے۔ جس کے بعد وہ دعائیہ اجتماع میں بھی شرکت کریں گے۔

گاندھی اس کے بعد شہر واپس آئیں گے اور کل توتیکورن جائیں گے جہاں سے وہ اپنا سفر شروع کرنے کے لیے کنیا کماری جائیں گے۔ اس یاترا کا مقصد بھارتیہ جنتا پارٹی اور راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کی ‘تقسیم کی سیاست’ کی مخالفت کرنا اور ‘فاشسٹ بی جے پی راج’ کی طرف لوگوں کی توجہ مبذول کرانا ہے۔

یاترا کے آغاز میں پارٹی کے سینئر رہنماؤں کے علاوہ وزرائے اعلیٰ بھی موجود تھے۔ کانگریس کی حکومت والی ریاستوں کے سی ڈبلیو سی ممبران، ایم پیز، ایم ایل ایز اور پارٹی کے عہدیداران اور کارکنان شرکت کریں گے۔