بھارت
لائیو اپڈیٹس

رمضان 2024: ہندوستان میں چاند کب نظر آئے گا؟ لائیو اپ ڈیٹس

رمضان، اسلام کا مقدس ترین مہینہ، دنیا بھر کے لاکھوں مسلمانوں کے لئے بہت اہمیت رکھتا ہے۔29 تا 30 دن تک جاری رہنے والا یہ مہینہ روزے، نماز، خود کو تلاش کرنے اور دوسروں کا خیال کرنے کا مہینہ ہے۔

پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ پر قرآن کی پہلی وحی اسی مہینے میں نازل ہوئی تھی۔ رمضان کے علاوہ دیگر اسلامی مہینوں کا آغاز بھی ہلال کے نظر آنے پر منحصر ہے۔

ہندوستان میں رمضان 2024 کب شروع ہو رہا ہے؟

سعودی اور دیگر خلیجی ممالک میں چاند نظر آنے کے لحاظ سے ہندوستان میں رمضان المبارک مارچ 2024 کی 12 تاریخ (منگل) یا 13 تاریخ (چہارشنبہ) کو شروع ہونے کا امکان ہے۔

ہلال کی شکل کا رمضان کا چاند سب سے پہلے سعودی عرب اور پھر عام طور پر ایک دن بعد جنوب مشرقی ایشیائی ممالک جیسے ہندوستان، پاکستان اور بنگلہ دیش میں نظر آتا ہے۔

یہ نوٹ کرنا ضروری ہے کہ، باقی دنیا کے برعکس، جو شمسی یا جارجیائی کیلنڈر استعمال کرتی ہے، اسلام قمری یا ہجری کیلنڈر کا استعمال کرتا ہے جس میں 354 دن ہوتے ہیں اور یہ چاند کی گردش کے مراحل پر مبنی ہے۔

گزشتہ سال 2023 میں ہندوستان میں 24 مارچ کو رمضان کا چاند نظر آیا تھا اور 25 مارچ کو پہلا روزہ تھا۔ اس سال کا چاند نظر آنے کی تمام تر تفصیلات سے لمحہ با لمحہ باخبر رہنے کے لئے ہمارے لائیو کوریج سے جڑے رہیں اور صفحہ ریفریش کرتے ہوئے تازہ اپ ڈیٹ حاصل کریں۔

  • رمضان مبارک

    رویت ہلال کمیٹی صدر مجلس علمائے دکن حیدرآباد نے بھی رمضان کا چاند نظر آنے کی تصدیق کی ہے۔ اعلان کیا گیا ہے کہ 12 مارچ منگل کو یکم رمضان قرار پائے گی۔

  • لکھنؤ میں نظر آیا رمضان کا چاند

    لکھنؤ سے موصولہ اطلاع کے بموجب وہاں رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا۔ اس طرح ملک بھر میں رمضان المبارک کا پہلا روزہ 12 مارچ کو ہوگا۔ کل ہندوستان بھر میں رمضان کا پہلا روزہ ہوگا۔ رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کی تصدیق صدرنشین مرکزی چاند کمیٹی لکھنو مولانا خالد رشید فرنگی محلی نے کی ہے۔

  • چاند نظر آنے کی اطلاعات

    ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر ہندوستان و پاکستان سے کئی لوگوں نے چاند نظر آنے کی اطلاع دی ہے۔ اس کے ساتھ ہی رمضان مبارک کا ٹرینڈ چل پڑا ہے۔ لوگ ایک دوسرے کو رمضان مبارک کے پیامات روانہ کررہے ہیں۔ تاہم ابھی مصدقہ ذرائع سے کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔

    مغرب کی نماز کے بعد ہی اس سلسلہ میں مصدقہ اطلاع جاری کی جائے گی۔

  • آسٹریلیا، سنگاپور، انڈونیشیا اور ملائیشیا میں بھی آج چاند دکھائی دینے کا امکان

    سعودی عرب میں گزشتہ شام یعنی اتوار 10 مارچ کو رمضان 2024 کا چاند نظر آنے کے بعد آج یعنی 11 مارچ پیر کی شام ہندوستان، پاکستان، افغانستان، بنگلہ دیش، آسٹریلیا، سنگاپور، ملائیشیا، انڈونیشیا اور دیگر جنوبی ایشیا کے ممالک میں رویت ہلال کے امکانات زیادہ ہیں۔

    عام طور پر رمضان المبارک کا چاند سب سے پہلے سعودی عرب اور ہندوستان کے کچھ حصوں کے ساتھ کچھ مغربی ممالک میں نظر آتا ہے اور پھر عام طور پر ایک دن بعد باقی ہندوستان، پاکستان، بنگلہ دیش اور دیگر ممالک میں چاند دکھائی دیتا ہے جس کے ساتھ رمضان کا آغاز ہوجاتا ہے۔

  • عرب ممالک کے ساتھ کئی ممالک میں رمضان کا آغاز

    عرب ممالک کے ساتھ ساتھ دنیا کے کئی ممالک میں رمضان المبارک کا آج پہلا روزہ رکھا گیا۔ فلسطین میں رمضان سے قبل جنگ بندی کی کوششیں ناکام رہیں اور وہاں لوگوں نے حالت جنگ میں آج پہلا روزہ رکھا۔ دوسری طرف نیوزی لینڈ میں رمضان کا چاند نظر نہیں آیا۔

  • حیدرآباد میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس

    حیدرآباد دکن کی مرکزی رویت ہلال کمیٹی ’’صدر مجلس علمائے دکن‘‘ کا اجلاس بضمن رویت ہلال ماہ رمضان المبارک ابھی کچھ دیر میں بمقام حسینی بلڈنگ معظم جاہی مارکٹ حیدرآباد میں منعقد ہوگا۔

    یہ اجلاس زیر نگرانی مولانا سید حسن ابراہیم حسینی قادری سجاد پاشاہ معتمد صدر مجلس علمائے دکن منعقد ہوگا۔

    معزز اراکین رویت ہلال کمیٹی اجلاس میں شرکت کریں گے۔

    عامتہ المسلمین سے خواہش کی گئی ہے کہ جس کسی کو چاند نظر آئے وہ ذیل کے نمبرات 9866112393، 9849879426، 9000008138،9000033704  یا 24603597 پر رویت کی صورت میں اطلاع دیں تاکہ شرعی شہادت کی تکمیل کے بعد رمضان کا چاند نظر آنے کا اعلان کیا جاسکے۔