کرناٹک

رہبر فاونڈیشن اور صفا بیت المال سے ایک سو ٹھیلہ بنڈیوں کی تقسیم

کامیاب کاروباری جہاں کمانے میں اپنی عقل استعمال کرتا ہے وہیں اپنا مال خرچ کرنے میں بھی اپنی عقل استعمال کرتا ہے۔

حیدرآباد: کامیاب کاروباری جہاں کمانے میں اپنی عقل استعمال کرتا ہے وہیں اپنا مال خرچ کرنے میں بھی اپنی عقل استعمال کرتا ہے۔

متعلقہ خبریں
صفا بیت المال اور منبر و محراب فاونڈیشن کے اشتراک سے مختلف فنی کورسس
رہبر فاونڈیشن اور صفا بیت المال سے ٹھیلہ بنڈیوں کی تقسیم
صفا بیت المال سے تیس بیروزگار نوجوانوں میں ٹو وہیلرس کی تقسیم

آج کل غریبوں کو دیکھا جاتا ہے کہ وہ کڑی محنت سے پیسہ کماتے ہیں لیکن غیر ضروری روایتی رسم و رواج میں اپنی محنت کی کمائی بے دریغ خرچ کرتے ہیں انہیں چاہیے کہ اپنا پیسہ کفایت شعاری اور منصوبہ کے ساتھ خرچ کریں۔

ان خیالات کا اظہار مولانا غیاث احمد رشادی صدر صفا بیت المال انڈیا نے بیجاپور،کرناٹک کے ایک سو مستحق ایسے چھوٹے چھوٹے کاروباریوں کو ٹھیلہ بنڈیاں اور فروخت کا سامان تقسیم کرتے ہوئے کیا اور امید ظاہر کی کہ اس کوشش اور پہل سے ان مستحق کاروباریوں کی معیشت مضبوط ہوگی۔

واضح ہو کہ ایسے بے روزگار اور پریشان حال چھوٹے کاروباری افراد جن کے پاس کاروبار کے لیے ذاتی ٹھیلہ بنڈیاں تک نہیں تھیں، بیجاپور، کرناٹک کے بازاروں اور مارکٹ کے متعدد علاقوں میں صفا بیت المال کی سروے ٹیم نے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے ایسے ایک سو افراد کی فہرست تیار کی جو کرایہ سے ٹھیلہ بنڈی لے کر کاروبار کررہے تھے۔

میرج ہال، بیجاپو، کرناٹک میں پندرہ لاکھ روپے مالیتی ٹھیلہ بنڈیاں مع ساز و سامان فروخت تقسیم کی گئیں۔ واضح ہو کہ یہ قابل تحسین اقدام رہبر فاونڈیشن اور صفا بیت المال کے اشتراک سے انجام پایا اور بیجا پور کے ذمہ داران نے مستحق کاروباریوں کے سروے اور تقسیم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ واضح ہو کہ صفا بیت المال نے ہزاروں افراد کو روزگار سے مربوط کیا اور ان کو معاشی اعتبار سے اپنے پیروں پر کھڑا کردیا ہے۔

چنانچہ صفا بیت المال کی جانب سے ٹھیلہ بنڈیوں،سلائی مشینوں پروڈکشن یونٹس،مہندی ڈیزائیننگ سنٹرس اور کمپیوٹر کورسس کے ذریعہ اس میدان میں وسیع پیمانہ پر خدمات انجام دی جارہی ہیں۔

رہبر فاونڈیشن اور صفا بیت المال کے اشتراک سے اب تک جنوبی ہند کی متعدد ریاستیں تلنگانہ‘ آندھرا پردیش‘ کرناٹک کے علاوہ مہاراشٹرا کے مختلف اضلاع میں تین ہزار سے زائد ٹھیلہ بنڈیاں مع ساز و سامان اور ہزاروں سلائی مشینوں کی تقسیم عمل میں آچکی ہے نیز بعض افراد کودیگر کاروبارجیسے کرانہ سامان، پنکچر کاسامان،کپڑے، چوڑیاں، ترکاری، پھل، پاپ کارن کی مشین،تلن، چائے بنانے کا سامان، زیراکس مشین،پیاز،وغیرہ کی فراہمی کے ذر یعہ حلال روزی سے انہیں مربوط کیا گیا۔

صفا بیت المال کے روزگار فراہمی کے اس شعبہ سے ہزاروں لوگ مستفید ہورہے ہیں۔ مولانا رشادی نے کہا کہ صفا بیت المال سال بھر مختلف شعبوں میں اپنی نمایاں خدمات کے ذریعہ قوم و ملت کی فلاحی‘ رفاہی‘ تعلیمی‘ سماجی‘موسمی اور ہنگامی امداد کرتا ہے۔

حافظ مبشر خان، محمد مسلم انصاری، خواجہ پاشاہ، محمد معراج، منظور عالم، محمد عرفان، شیخ عبد الوحید،سید بلال الحسن نے اس تقسیم میں حصہ لیا۔ مقامی علماء اور نوجوانوں کی ٹیم نے بھی قابل تحسین کوشش کی۔

a3w
a3w