سوشیل میڈیاشمالی بھارت

شائستہ پروین کا مکتوب، سوشل میڈیا پر وائرل

مافیا ڈان عتیق احمد اور بھائی اشرف کو گولی مارے جانے کے چند دن بعد عتیق کی بیوی شائستہ پروین کا ایک خط سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے جس میں اس نے اندیشہ ظاہر کیا ہے کہ دونوں کو ریمانڈ کے بہانہ ہلاک کیا جاسکتا ہے۔

پریاگ راج: مافیا ڈان عتیق احمد اور بھائی اشرف کو گولی مارے جانے کے چند دن بعد عتیق کی بیوی شائستہ پروین کا ایک خط سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے جس میں اس نے اندیشہ ظاہر کیا ہے کہ دونوں کو ریمانڈ کے بہانہ ہلاک کیا جاسکتا ہے۔

اس مکتوب میں شائستہ نے لکھا کہ اومیش پال قتل کیس میں عتیق احمد‘ اشرف اور اسد کے خلاف سازش کے الزامات بے بنیاد ہیں۔

سی سی ٹی وی فوٹیج کی بنیاد پر یہ الزام بھی بے بنیاد ہے کہ عتیق احمد کا لڑکا علی شوٹر ہے۔ اسے سیاسی انتقام قراردیتے ہوئے شائستہ نے کہا کہ بی ایس پی نے جب سے انہیں پریاگ راج کا میئر امیدوار قراردیا‘ ایک مقامی قائد اور کابینی وزیر نے سازش کرنی شروع کردی اور اسی سازش کے تحت اومیش پال کا قتل ہوا۔

اومیش پال رکن اسمبلی راجو پال کے قتل کا گواہ نہیں تھا۔ اومیش پال خود اس کے اغوا کیس میں مدعی تھا۔ شائستہ نے الزام عائد کیا کہ اومیش پال گواہ تھا ہی نہیں تو ایسے میں عتیق اور اشرف کے لئے کوئی وجہ نہیں تھی کہ اسے ہلاک کرائیں۔

غیرجانبدارانہ تحقیقات کے ذریعہ ہی بڑی سیاسی سازش بے نقاب ہوسکتی ہے کیونکہ پریاگ راج پولیس پوری طرح اُس وزیر کے دباؤ میں کام کررہی ہے۔ شائستہ کے مکتوب کے بموجب 2 پولیس عہدیداروں نے عتیق کے مخالفین سے عتیق کو ہلاک کرنے کی سپاری لی۔

شائستہ نے کہا کہ میں نے چیف منسٹر یوگی کو لکھا کہ آپ کے مٹی میں ملادیں گے والے بیان کے بعد اُن لوگوں کو عتیق احمد‘ اشرف اور اسد کو ہلاک کرنے کا پورا موقع مل گیا۔ شائستہ پروین کے سر پر 50 ہزار روپے کا انعام ہے اور گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔