سوشیل میڈیاشمالی بھارت

طالبات کو دوپٹہ نکالنے پر مجبور کرنے والا ہیڈماسٹر گرفتار

رانچی: طالبات کو دوپٹہ نکالنے پر مجبور کرنے پر ایک سرکاری اسکول کے ہیڈماسٹر کو جنسی جرائم سے بچوں کو تحفظ قانون (پوکسو) کے تحت گرفتار کرلیا گیا ہے۔

انتظامیہ نے ملزم کے خلاف عائد کردہ الزامات کی تحقیقات کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دی تھی جس نے وشواناتھ رام کے خلاف الزامات درست ہونے کی تصدیق کی ہے۔

کمیٹی کی تحقیقات کے بعد ہیڈماسٹر کو آج عدالتی تحویل میں دے دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ڈالٹن گنج کے پانڈوبلاک میں واقع سرکاری مڈل اسکول کی ساتویں اور آٹھویں جماعت کی کئی طالبات نے الزام عائد کیا تھا کہ اگر وہ کلاس میں بیٹھنے سے پہلے دوپٹہ نہیں نکالتی تھیں تو ملزم انہیں چھڑی سے مارتا تھا۔

اس مسئلہ پر ماضی میں بھی مقامی عوام نے سخت برہمی ظاہر کی تھی۔ ڈپٹی کمشنر انجنیلو دوڈے کی ہدایت پر سینئر عہدیدار منوج کمار اور سب ڈیویژنل مجسٹریٹ راجیش کمار پر مشتمل ٹیم اس معاملہ کی تحقیقات کیلئے منگل کے روز اسکول پہنچی۔ تحقیقات کے دوران چار طالبات نے اپنی شکایات دہرائیں۔

دوسری جانب چند افراد نے ہیڈماسٹر کا دفاع کیا اور ان الزامات کو دیہاتیوں کے درمیان مقامی سیاست کا نتیجہ قرار دیا۔ تحقیقات کے بعد ایک عہدیدار مہندرپرجاپتی نے پانڈو پولیس اسٹیشن میں وشواناتھ کے خلاف تحریری شکایت درج کرائی جس کے بعد اسے گرفتار کرلیا گیا۔