مشرق وسطیٰ

قربانی پر مہنگائی کا اثر۔ دنیا کے کئی ممالک میں عیدالاضحی منائی گئی

دنیا کے کئی ممالک بشمول افغانستان‘ لیبیا‘ مصر‘ کینیا اور یمن میں کروڑوں مسلمانوں نے ہفتہ کے دن عیدالاضحی منائی۔ ایشیا کے بڑے حصہ میں بشمول انڈونیشیا‘ ہندوستان اور پاکستان اتوار کے دن عید منائی جائے گی۔

مکہ مکرمہ: دنیا کے کئی ممالک بشمول افغانستان‘ لیبیا‘ مصر‘ کینیا اور یمن میں کروڑوں مسلمانوں نے ہفتہ کے دن عیدالاضحی منائی۔ ایشیا کے بڑے حصہ میں بشمول انڈونیشیا‘ ہندوستان اور پاکستان اتوار کے دن عید منائی جائے گی۔

یوکرین کے ساتھ روس کی جنگ نے غذائی اشیاء کی قیمتیں بڑھادی ہیں۔مشرق ِ وسطیٰ میں کئی لوگوں نے کہا کہ وہ جاریہ سال قربانی نہیں دے سکے۔ اخراجات ِ زندگی بڑھ گئے ہیں‘ قربانی کے جانور مہنگے ہوگئے۔

شمالی افغانستان کے مزار شریف کی ایک مویشی منڈی میں محمد نادر نے کہا کہ ہر کوئی اللہ کے نام پر قربانی دینا چاہتا ہے لیکن وہ ایسا کرنے سے قاصر ہیں کیونکہ وہ غریب ہیں۔

افغانستان میں پیسوں کی بڑی قلت ہے۔ سابق میں عید سے قبل قربانی کے جانوروں کی خریداری کے لئے ہجوم ہوا کرتا تھا لیکن اِس بار دنیا بھر میں مہنگائی ہے اور افغانستان میں طالبان کے کنٹرول کے بعد معیشت تباہ ہے۔ جانوروں کی خریداری کئی لوگوں کی دسترس سے باہر ہے۔

افغان بیوپاری محمد قاسم نے کہا کہ گزشتہ سال میں نے 40تا 50 جانور فروخت کئے تھے لیکن اس سال صرف 2 ہی بیچ پایا۔ گیہوں اور گوشت کے دام کئی گنا بڑھ گئے ہیں۔ یوکرین کے ساتھ روس کی جنگ نے زراعت اور توانائی سپلائی کو درہم برہم کردیا ہے۔

جانوروں کے چارہ اور فرٹیلائزر کے بڑھتے دام نے مویشی بیوپاریوں کو قیمت بڑھانے پر مجبو ر کردیا۔ غزہ پٹی کی مویشی منڈی میں بھی بمشکل کوئی خریدار دیکھا گیا۔ بیوپاریوں کا کہنا ہے کہ جانوروں کا چارہ حالیہ ہفتوں میں کئی گنا مہنگا ہوگیا۔

کینیا تا روس تا مصر لاکھوں کروڑوں افراد نے نماز ِ عید ادا کی۔ سعودی عرب میں لاکھوں حجاج نے آج وادی ئ منیٰ میں رمی جمار کیا۔ 10 لاکھ خوش نصیبوں کو حج کی سعادت ملی تھی۔ سعودی شاہ سلمان نے مسلم دنیا کو عید کی مبارکباد دی۔ انہوں نے اللہ سے دعا کی کہ تمام حجاج کا حج قبول ہو۔ جاریہ سال حجاج کی تعداد 10لاکھ رہی۔