دہلی

ملک کی آبادی میں اضافہ کیلئے مسلمان ذمہ دار: پروین توگڑیا

ہندوستان دنیا کا سب سے زیادہ آبادی والا ملک بن گیا ہے اور چین سے آگے نکل گیا ہے جس کے ساتھ ہی انتاراشٹریہ ہندوپریشد (اے ایچ پی)کے صدر پروین توگڑیا نے آج آبادی میں اضافہ کے لئے مسلمانوں کو ذمہ دار ٹھہرایا۔

گوہاٹی: ہندوستان دنیا کا سب سے زیادہ آبادی والا ملک بن گیا ہے اور چین سے آگے نکل گیا ہے جس کے ساتھ ہی انتاراشٹریہ ہندوپریشد (اے ایچ پی)کے صدر پروین توگڑیا نے آج آبادی میں اضافہ کے لئے مسلمانوں کو ذمہ دار ٹھہرایا۔

”پرتی دن ٹائم“ کی اطلاع کے مطابق انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی آبادی میں اضافہ کی واحد وجہ اقلیتی برادری کے لوگ ہیں۔ چہارشنبہ کے روز گوہاٹی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے توگڑیا نے کہا کہ فی الحال ملک میں ہندوؤں کی آبادی گھٹتی جارہی ہے۔

ملک کی آبادی میں تیز رفتار اضافہ میں ہندوؤں نے کوئی رول ادا نہیں کیا ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق ہندوؤں کی آبادی میں اضافہ کی شرح 1.8 فیصد ہے جبکہ اقلیتوں کی آبادی میں اضافہ کی شرح 2.4 فیصد ہے۔

اِس کا مطلب یہ ہے کہ ملک کے ہر گاؤں میں آبادی کا ٹائم بم لگا ہوا ہے۔ توگڑیا نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ آبادی کے بم کا دھماکہ آئندہ 15 تا 20 سال میں ہندوؤں کو تکلیف دے گا۔

اے ایچ پی کے صدر نے کہا آبادی کا بم پھٹنے کے نتائج ریاست آسام میں نمایاں ہوں گے۔ انہوں نے سخت ترین آبادی کنٹرول بل متعارف کرانے پر بھی زور دیا۔