شمالی بھارت

گجرات کے خلاف سازشیں کی گئیں: وزیراعظم

وزیراعظم نریندر مودی نے اتوار کے دن کہا کہ گجرات کو بدنام کرنے اور ان کی آبائی ریاست کو سرمایہ کاری روکنے کیلئے سازشیں رچائی جارہی ہیں مگر گجرات نے انہیں نظر انداز کیا اور ترقی کا ایک نیا راستہ اختیار کیا۔

بھج (گجرات) : وزیراعظم نریندر مودی نے اتوار کے دن کہا کہ گجرات کو بدنام کرنے اور ان کی آبائی ریاست کو سرمایہ کاری روکنے کیلئے سازشیں رچائی جارہی ہیں مگر گجرات نے انہیں نظر انداز کیا اور ترقی کا ایک نیا راستہ اختیار کیا‘ وہ‘ جاریہ سال کے اواخر میں گجرات میں منعقد شدنی انتخاب سے قبل کچھ ضلع میں ترقیاتی کاموں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھنے کے بعد ایک جلسہ سے خطاب کررہے تھے۔

مودی نے کہا کہ وہ واضح طور پر دیکھ سکتے ہیں کہ آج کئی خامیوں کے باوجود ہندستان 2047 تک ترقی یافتہ ملک ہوگا۔وزیراعظم نے بھج میں قریب4,400 کروڑ روپئے مالیتی پروجیکٹس کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھا۔جن میں سردار سروور پروجیکٹ کی کچھ برانچ کنال‘ سرہد ڈائری کا نیا آٹو میٹک ملک پروسسنگ اینڈ پیاکنگ پلانٹ‘ بھج میں علاقائی سائنس مرکز‘ گاندھی دھام میں ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کنوینشن سنٹر‘انجار میں ویر بال اسمارک اور نک ہتھرانا میں بھج 2 سب اسٹیشن شامل ہیں۔

مودی نے کہا کہ گجرات ایک کے بعد دیگرے آفات سماوی سے نمٹ رہا تھا جب کہ گجرات کو بدنام کرنے کیلئے سازشیں رچائی گئیں۔گجرات میں سرمایہ کاری میں رکاوٹ ڈالنے کیلئے بار بار کوششیں کی گئیں انہوں نے کہا کہ گجرات نے اسے بدنام کرنے کی تمام کوششوں کو نظر انداز کیا‘ سازشوں کا مقابلہ کیا‘ صنعت اور ترقی کانیا راستہ اختیار کیا۔

انہوں نے کہا کہ کچھ میں 2001 میں زلزلہ کے بعد تباہی کے درمیان میں نے کچھ کی تعمیر نو کے بارے میں کہا تھا اور ہم نے اس کیلئے سخت محنت کی۔چیلنج کی اس گھڑی میں ہم نے اعلان کیا تھا کہ ہم سانحہ کو ایک موقعہ میں بدلیں گے اور ہم نے یہ کام انجام دیا۔

آج آپ نتائج کا مشاہدہ کررہے ہیں۔کئی لوگوں نے کہا تھا کہ کچھ زلزلہ سے نہیں اُبھر سکے گا مگر وہاں کی عوام نے صورت حال بدل دی۔جب میں نے لال قلعہ سے کہا تھا کہ ہندستان 2047 تک ایک ترقی یافتہ ملک ہوگا۔ اگر چہ آج آپ چند خامیاں دیکھ سکتے ہیں لیکن میں واضح طور پر اس کاتصور کررہا ہوں۔

آج ہم نے جس بات کا عہد کیا وہ یقیناً 2047 میں پورا ہوگا۔مودی نے کہا کہ انہیں یاد ہے کہ جب کچھ میں زلزلہ آیا تو دوسرے روز ہی وہاں پہنچ گئے۔

اس وقت میں گجرات کا چیف منسٹر نہیں تھا‘ میں بی جے پی کا ایک عام کارکن تھا‘ میں نہیں جانتا تھا کہ کس طرح اور کتنے لوگوں کی میں مدد کرسکوں گا۔مگر میں نے فیصلہ کیا تھا کہ مصیبت کی اُس گھڑی میں‘ یہاں آپ تمام کے ساتھ رہوں گا۔