سمیت غذاء سے 2 ٹرین مسافرین ہلاک،20 کی حالت خراب
آگرہ میں اتوار کو پٹنہ سے کوٹا جانے والی ٹرین میں سمیت غداکھانے سے چھتیس گڑھ کے دو مسافرین کی موت ہو گئی۔ اس کے ساتھ ہی قئے اور اسہال کی وجہ سے 20 لوگوں کی حالت خراب ہوگئی۔
حیدرآباد: آگرہ میں اتوار کو پٹنہ سے کوٹا جانے والی ٹرین میں سمیت غداکھانے سے چھتیس گڑھ کے دو مسافرین کی موت ہو گئی۔ اس کے ساتھ ہی قئے اور اسہال کی وجہ سے 20 لوگوں کی حالت خراب ہوگئی۔
جب ٹرین آگرہ چھاؤنی پہنچی تو محکمہ صحت کی ٹیم نے مسافروں کا علاج کیا۔ بے ہوشی کی حالت میں چھ مسافروں کو ایس این میڈیکل کالج اور ڈویژنل ریلوے ہسپتال کنٹ میں داخل کرایا گیا ہے۔ امر اجالا کی رپورٹ کے مطابق ان میں سے پانچ کی حالت بدستور تشویشناک ہے۔
آگرہ چھاؤنی اسٹیشن پر تعینات آر پی ایف انسپکٹر سشیر کمار جھا نے بتایا کہ مسافروں سے پوچھ گچھ کے دوران پتا چلا کہ 90 لوگوں کا ایک گروپ 14 اگست کی رات چھتیس گڑھ کے دھمتری ضلع سے یاترا کے لیے ٹرین سے نکلا تھا۔ یہ سبھی S-1، S-2 اور S-3 پر سوار تھے۔
16 اگست کو یہ دستہ بنارس پہنچا اور کاشی وشوناتھ اور دیگر مندروں کی زیارت کے لیے دو دن ٹھہرا۔ 19 اگست کو دوپہر کو ایک دھرم شالہ میں چاول اور کدو کے سالن کا کھانا تیار کیا گیا۔ ڈبوں میں کھانا پیک کرنے کے بعد تمام مسافر شام 5 بجے متھرا کے لیے ٹرین میں سوار ہوئے۔
رات کا کھانا کھا کر سب سو گئے۔ رات گئے 20 سے 25 مسافروں کو گھبراہٹ، قئے اور اسہال ہونے لگے۔ اس پر لوگوں نے متاثرین کو ساتھ لائی ہوئی دوائیں دیں۔ اس سے کچھ لوگوں کو راحت ملی۔ کماری بائی نیتم (62) کی حالت بگڑ گئی اور آگرہ کنٹ اسٹیشن سے 20 کلومیٹر پہلے ان کی موت ہوگئی۔ سات مسافر بے ہوش ہوگئے۔
یہ دیکھ کر کہرام مچ گیا اور کچھ مسافروں نے کنٹرول روم کو فون کیا۔آگرہ کنٹ اسٹیشن پر ٹرین کے رکنے تک راما نشاد (65) کی بھی موت ہوگئی۔ باقی چھ مریضوں کو ایس این میڈیکل کالج اور ریلوے ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ یہاں پانچ مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
باقی مسافروں کو متھرا بھیج دیا گیا۔آگرہ ڈویژن کے ریلوے کمرشل منیجر پراشتی سریواستو نے بتایا کہ ٹرین نمبر 13237 پٹنہ-کوٹا ایکسپریس کے آگرہ پہنچنے سے پہلے کچھ لوگوں کے بیمار ہونے کی اطلاع ملی تھی۔
جب ٹرین آگرہ کینٹ پہنچی تو دو مسافر مردہ پائے گئے۔ اس کا پوسٹ مارٹم ہو چکا ہے۔ رپورٹ آنے کے بعد موت کی وجہ معلوم ہوگی۔لوکیندر یادو (52)، سونیا بگھیل (65)، پربھا بائی ساہو (60)، رمبھا بائی ساہو (60)، ہیرا بائی نشاد (50) ریلوے اسپتال میں اور اتم ساہو (40) ایس این میڈیکل کالج میں داخل ہیں۔