مہاراشٹرا

پی ایف آئی کے 4 کارکن گرفتار

عہدیدار نے کہا کہ اے ٹی ایس کو حکومت ہند کی جانب سے پی ایف آئی پر امتناع عائد کیے جانے کے باوجود پنویل میں تنظیم کے دو عہدیداروں اور کچھ کارکنوں کے اجلاس کے بارے میں خفیہ اطلاع ملی۔

ممبئی: مہاراشٹرا کے انسداد دہشت گردی دستے (اے ٹی ایس) نے پڑوسی رائے گڑھ ضلع کے پنویل سے ممنوعہ ”پاپولر فرنٹ آف انڈیا“ (پی ایف آئی) کے چار کارکنوں کو گرفتار کیا ہے۔ ایک عہدیدار نے کہا کہ گرفتار شدگان میں ممنوعہ تنظیم کی ریاستی توسیعی کمیٹی کا ایک مقامی رکن، مقامی یونٹ کا ایک سکریٹری اور دو دیگر کارکن شامل ہیں۔

عہدیدار نے کہا کہ اے ٹی ایس کو حکومت ہند کی جانب سے پی ایف آئی پر امتناع عائد کیے جانے کے باوجود پنویل میں تنظیم کے دو عہدیداروں اور کچھ کارکنوں کے اجلاس کے بارے میں خفیہ اطلاع ملی۔ اس کے بعد اے ٹی ایس کی ایک ٹیم نے ممبئی سے تقریباً50کلومیٹر دور واقع پنویل میں دھاوا کرکے پی ایف آئی کے چار کارکنوں کو گرفتار کرلیا۔

عہدیدار نے کہا کہ پوچھ تاچھ کے بعد چاروں کو سخت گیر انسداد غیرقانونی سرگرمیاں (یو اے پی اے) قانون کی دفعہ 10کے تحت ممبئی میں اے ٹی ایس کی کالا چوکی یونٹ میں درج ایک کیس میں گرفتار کرلیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ معاملے کی تحقیقات جاری ہے۔

 حکومت نے گزشتہ ماہ پی ایف آئی اور اس کی کئی معاون تنظیموں پر آئی ایس جیسے عالمی دہشت گرد گروپوں کے ساتھ ”تعلق“ ہونے کا الزا م عائد کرتے ہوئے پانچ سال کے لیے پابندی عائد کردی تھی۔ پی ایف آئی سے وابستہ250 سے زائد افراد کو گزشتہ ماہ کئی ریاستوں سے حراست میں لے لیا گیا تھا۔