ہم، مجرمین کو پناہ دینا نہیں چاہتے: برطانوی وزیرسلامتی
برطانیہ کے وزیرسلامتی نے کہا ہے کہ ان کا ملک ایسا مقام بننے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا جہاں قانونی کاروائی سے بچنے والے چھپ سکیں۔

نئی دہلی: برطانیہ کے وزیرسلامتی نے کہا ہے کہ ان کا ملک ایسا مقام بننے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا جہاں قانونی کاروائی سے بچنے والے چھپ سکیں۔
انہوں نے یہ بات وجئے مالیا اور نیرومودی کے اخراج پرہندوستان کی طرف سے مسلسل زوردئیے جانے کے بیچ کہی۔
برطانوی وزیر نے کسی مخصوص کیس کا حوالہ دئیے بغیر کہاکہ حوالگی مجرمین کے معاملہ میں قانونی کاروائی کا پاس ولحاظ رکھناہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کا اپنا قانونی طریقہ کار ہے۔ حکومت برطانیہ کا موقف واضح ہے کہ ہم ایسا مقام بننے کاکوئی ارادہ نہیں رکھتے جہاں قانونی کاروائی سے بچنے والے آکرچھپناچاہتے ہوں۔
برطانوی وزیر پی ٹی آئی کو انٹرویو دے رہے تھے۔ وہ 10 تا12اگست ہندوستان کے سہ روزہ دورہ پر آئے ہوئے تھے۔
ان کا دورہ کولکتہ میں G-20کی مخالف کرپشن وزارتی میٹنگ میں شرکت کیلئے ہوا تھا۔ دہلی میں انہوں نے وزیرخارجہ ایس جئے شنکر اور مشیرقومی سلامتی اجیت دوول سے ملاقات کی۔
برطانوی وزیرسلامتی سے پوچھاگیاتھا کہ ہندوستان کا مسلسل اصرارہے کہ معاشی جرائم کا ارتکاب کرنے والوں بشمول وجئے مالیا اور نیرومودی کو جوبرطانیہ میں رہ رہے ہیں ہندوستان کے حوالے کردیاجائے۔