کے ٹی آر اور کویتا کے زوال کا آغاز، منی لانڈرنگ کیس کے ملزم کا جیل سے مکتوب
منی لانڈرنگ کیس میں ملوث سکھیش چندر شیکھر جو منڈولی جیل میں مقیدہیں‘نے جیل سے ایک اور سنسنی خیزمکتوب جاری کیا۔

حیدرآباد: منی لانڈرنگ کیس میں ملوث سکھیش چندر شیکھر جو منڈولی جیل میں مقیدہیں‘نے جیل سے ایک اور سنسنی خیزمکتوب جاری کیا۔
اپنے مکتوب میں انہوں نے تحریر کیا کہ بی آر ایس قائدین کے ٹی راما راؤ اور کویتاکے زوال کاآغاز ہوچکا ہے۔بھائی اور بہن کی بدعنوانیاں اوربے قاعدگیاں اب عوام کے سامنے آنے والی ہیں جس کے بعدیہ دونوں جیل بھیج دیئے جائیں گے۔
سکھیش چندر شیکھر نے اپنے مکتوب میں تحریر کیا ڈئیر کے ٹی آر بھائی اور کویتا بہن!
حالیہ اسمبلی انتخابات کے نتائج مبارک ہو۔ آپ کا مکرو فریب‘ جھوٹ‘ بدعنوانیاں اوربے قاعدگیاں تلگو عوام کی سمجھ میں آگئی ہیں۔
میں نے چندماہ پہلے ہی پیش قیاسی کی تھی کہ آپ لوگوں کا غرور وتکبر ختم ہوجائے گاچونکہ عوام نے آپ لوگوں کی حقیقت دیکھ لی ہے اس لئے عوام نے اس طرح کا فیصلہ صادر کیاہے۔
آپ لوگوں نے مجھے دھوکہ بازکہاتھامگر آج آپ لوگ ہی دھوکہ بازثابت ہوچکے ہیں۔ اب آپ میں اور مجھ میں کوئی فرق باقی نہیں رہا۔
سکھیش چندرشیکھر نے کہاکہ اب آپ لوگوں کوثابت کرناہے کہ آپ کادامن صاف ہے کہ آپ کسی بدعنوانی اوربے قاعدگی میں ملوث نہیں ہیں۔ بہت جلد آپ لوگ بھی جیل کلب کے رکن بننے جارہے ہیں۔ انہوں نے مزید تحریر کیا کہ میں سمجھتاہوں کہ آپ لوگ بہت جلد امریکہ چلے جائیں گے۔
آپ لوگوں کی الٹی گنتی شروع ہوچکی ہے۔اس ملک کے قانون کی نظر میں عام عوام اورطاقت ورسب یکساں ہیں۔
انتخابی نتائج کے روز پر آپ کی پوسٹ دیکھا جس میں کے ٹی آر بندوق تانے 3-0 کہہ رہے ہیں۔آپ کی خواہش کے مطابق بہت جلد 3-0جیل کا سفر شروع ہوجائے گا۔ سکھیش چندرشیکھرنے کانگریس کی کامیابی اور چیف منسٹر بننے پر ریونت ریڈی کومبارکباد دی۔