قومی

بی جے پی، یوپی کے ہر ضلع میں زمین ہتھیانے کی کوشش میں:اکھلیش یادو

سماج وادی پارٹی سربراہ اکھلیش یادو نے ہفتہ کے دن اترپردیش کی بی جے پی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ یوگی حکومت ریاست کے ہر ضلع میں زمین ہتھیانے کی کوشش کررہی ہے۔

لکھنو (آئی اے این ایس) سماج وادی پارٹی سربراہ اکھلیش یادو نے ہفتہ کے دن اترپردیش کی بی جے پی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ یوگی حکومت ریاست کے ہر ضلع میں زمین ہتھیانے کی کوشش کررہی ہے۔

لکھنو میں پریس کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ بی جے پی اپنے ورکرس اور مقامی نظم ونسق کی مدد سے بلڈوزرس اور سرکاری مشینری کا بے جا استعمال کررہی ہے تاکہ جبراً زمین ہتھیائی جائے۔

انہوں نے خاص طورپر چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ کے آبائی گڑھ گورکھپور کا حوالہ دیا اور کہا کہ گورکھپور کے عوام کو پوچھنا چاہئے کہ کس کے نام پر زیادہ رجسٹریاں ہوئی ہیں۔ لوگوں کو ڈراکر منظوری لی جارہی ہے تاکہ انہیں مناسب معاوضہ دینا نہ پڑے۔ حکومت مقامی لوگوں کو دھوکہ دی رہی ہے۔

ایودھیا میں لوگ زمینیں گنواچکے ہیں‘ بنارس میں گنوانے کے قریب ہیں اور اب گورکھپور کی باری ہے۔ لکھنو میں بھی یہ ذہنیت دکھائی دے رہی ہے۔

اکھلیش نے سوشلسٹ اور سیکولر کے الفاظ دستور کی تمہید سے نکال دینے کے آر ایس ایس کے مطالبہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ ریزرویشن کے خلاف ہیں وہ یہ بات کھل کر نہیں کہتے۔ اس کے بجائے وہ سیکولرازم اور سوشلزم کے تصور کو نشانہ بناتے ہیں۔