بریکنگ: گجرات میں کیبل بریج گرنے سے 35 افراد ہلاک
موربی کے سابق ایم ایل اے کانتی لال امروتیا نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ پل گرنے کے بعد انہوں نے اور ان کی ٹیم نے کم از کم 8 لاشیں نکالی ہیں اور 80 سے زائد افراد ماچھو ندی میں پھنسے ہوئے ہیں۔

موربی (گجرات): گجرات کے موربی میں ماچھو ڈیم پر معلق پل کے گرنے سے بچوں سمیت کم از کم 35 افراد ہلاک اور 100 سے زائد لاپتہ ہو گئے۔ حکام نے بتایا کہ یہ واقعہ آج شام پیش آیا۔
اطلاع ملتے ہی بچاؤ اور میڈیکل ایمرجنسی کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے ہیں اور راحت کاری کاموں کا آغاز کردیا ہے۔
موربی کے سابق ایم ایل اے کانتی لال امروتیا نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ پل گرنے کے بعد انہوں نے اور ان کی ٹیم نے کم از کم 8 لاشیں نکالی ہیں اور 80 سے زائد افراد ماچھو ندی میں پھنسے ہوئے ہیں۔
یہ پل گزشتہ دو سالوں سے بند تھا اور صرف ایک روز قبل تزئین و آرائش کے بعد اسے دوبارہ کھول دیا گیا تھا۔ موربی سٹی کانگریس کے سربراہ راجیش بھائی کاور نے بتایا کہ چونکہ اتوار کا دن تھا اور دیوالی کی تعطیلات ہیں، اس وقت بچوں سمیت 500 سے زیادہ لوگ اس پل کو دیکھنے آئے تھے کہ یہ حادثہ پیش آیا۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے اس واقعے کے بارے میں معلومات حاصل کی ہیں اور ریاستی مشینری کو موربی انتظامیہ کو ہر طرح کی مدد کرنے اور ریسکیو اور ہنگامی طبی خدمات کو تیز کرنے کی ہدایت دی ہے۔
موربی کے ایم ایل اے اور وزیر برجیش مرجا نے کہا کہ رات کی تاریکی اور ندی میں پانی کے بہاؤ کی وجہ سے مقامی لوگوں اور فائر بریگیڈ کی ٹیموں کو بچاؤ کارروائیوں میں دشواری ہو رہی ہے۔ آس پاس کے اضلاع سے بھی بچاؤ ٹیموں کو موربی روانہ کیا گیا ہے تاکہ بچاؤ کے کام میں تیزی لائی جا سکے۔