بھارت

کانگریس صدارتی الیکشن‘ ووٹرس کی فہرست سونیا گاندھی کو پیش

کانگریس کی سنٹرل الیکشن اتھاریٹی کے سربراہ مدھوسدن مستری نے منگل کے دن سونیا گاندھی کو مندوبین کی فہرست پیش کردی جو پارٹی کے صدارتی الیکشن میں ووٹ ڈال سکتے ہیں۔

نئی دہلی: کانگریس کی سنٹرل الیکشن اتھاریٹی کے سربراہ مدھوسدن مستری نے منگل کے دن سونیا گاندھی کو مندوبین کی فہرست پیش کردی جو پارٹی کے صدارتی الیکشن میں ووٹ ڈال سکتے ہیں۔

سونیا گاندھی سے ملاقات کے بعد انہوں نے بتایا کہ کانگریس کے خازن پون کمار بنسل نے پارٹی کی سنٹرل الیکشن اتھاریٹی سے نامزدگی لی ہے۔ یہ واضح نہیں کہ وہ نامزدگی داخل کریں گے یا نہیں۔

صدرنشین الیکشن اتھاریٹی مدھوسدن مستری نے بتایا کہ تاحال ششی تھرور اور پون کمار بنسل نے نامزدگیاں لی ہیں۔ کانگریس ذرائع کا کہنا ہے کہ اشوک گہلوت کا نام اب نہیں لیا جارہا ہے امکان ہے کہ کماری شیلجہ کے نام پر غور ہوگا جبکہ راہول گاندھی کی پسند کے سی وینوگوپال ہیں تاہم ابھی تک قطعی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔

سینئر قائد کمل ناتھ نے جنہوں نے پیر کے دن سونیا گاندھی سے ملاقات کی تھی‘ کہا کہ وہ پارٹی صدر بننا نہیں چاہتے۔ وہ مدھیہ پردیش میں ہی رہنا چاہتے ہیں۔ راجستھان کے سیاسی ڈرامہ نے کانگریس قیادت کو پلان بی کے بارے میں سوچنے پر مجبور کردیا ہے۔