مہاراشٹرا

ڈاکٹر اشفاق عمر کو اردو کے فروغ کیلئے ہمہ جہت خدمات کا خصوصی ایوارڈ 2021 سے نوازا گیا

انہوں نے سول سروسیز امتحان، یو پی ایس سی امتحانات اور ایم پی ایس سی امتحانات سے متعلق ضخیم رہنما کتابیں تحریر کی ہیں۔ اسی کے ساتھ انہوں نے 2018ء میں شہر مالیگاؤں میں ’’ثمر سول سروسیز کوچنگ سینٹر‘‘ بھی جاری کیا جہاں طلبہ کی مفت رہنمائی کا بندوبست کیا گیا تھا۔

مالیگاؤں: ممبئی کے ایس وی پی اسٹیڈیم، ورلی کی ایک پروقار تقریب میں 7 اکتوبر 2025ء کو شہر مالیگاؤں کی شعبۂ تعلیم سے وابستہ معتبر شخصیت ڈاکٹر اشفاق عمر کو مہاراشٹر راجیہ اردو ساہتیہ اکیڈمی (حکومتِ مہاراشٹر) نے اردو کے فروغ کے لیے ہمہ جہت خدمات کا خصوصی ایوارڈ 2021ء سے نوازا۔ اس سے قبل 2013ء میں بھی ان کی کتاب ’’سول سروسیز‘‘ کو مہاراشٹر اردو اکیڈمی نے ایوارڈ سے نوازا تھا۔

ڈاکٹر اشفاق عمر نے مالیگاؤں کی میونسپل کارپوریشن پرائمری اسکولوں میں سروس کرتے ہوئے شعبۂ تعلیم میں اپنی الگ چھاپ چھوڑی ہے۔ ان کے تخلیق کردہ طریقۂ تعلیم کو NCERT، نئی دلی کے اساتذہ کے قومی مقابلے میں تعلیم میں ایک نئے اختراعی طریقے کے طور پر سند سے نوازا گیا تھا۔ ڈاکٹر اشفاق عمر نے اب تک 24 کتابیں تحریر کی ہیں جن میں 21 کا تعلق طلبہ کی تعلیمی رہنمائی سے ہے۔

انہوں نے سول سروسیز امتحان، یو پی ایس سی امتحانات اور ایم پی ایس سی امتحانات سے متعلق ضخیم رہنما کتابیں تحریر کی ہیں۔ اسی کے ساتھ انہوں نے 2018ء میں شہر مالیگاؤں میں ’’ثمر سول سروسیز کوچنگ سینٹر‘‘ بھی جاری کیا جہاں طلبہ کی مفت رہنمائی کا بندوبست کیا گیا تھا۔

ڈاکٹر اشفاق عمر کی لائبریری میں مہاراشٹر کی قدیم درسی کتابوں (اردو اور مراٹھی میڈیم) کا نایاب ذخیرہ موجود ہے۔ کورونا کے وبائی دور میں ثمر اکیڈمی کے ذریعے انہوں نے مقابلہ جاتی امتحانات اور اسکالرشپ اسکیموں پر مسلسل 32 ویبنار منعقد کرکے تعلیمی جمود کو توڑنے کی کامیاب کوشش کی۔ ادبِ اطفال سے متعلق بھی ان کی گراں قدر خدمات رہی ہیں۔ وہ ایک شاعر، افسانہ نگار اور انشائیہ نگار بھی ہیں۔ ادبی ماہنامہ ’’اردو آنگن، ممبئی‘‘ کے نائب مدیر اور ’’ماہنامہ تعلیمی سفر، لاتور‘‘ کی مجلسِ مشاور ت کے رکن ہیں۔ ڈاکٹر اشفاق عمر ثمر فاؤنڈیشن، مالیگاؤں کے صدر اور اردو سیل، آل انڈیا مومن کانفرنس (مہاراشٹر) کے صدر کے طور پر سماجی اور تعلیمی میدان میں کافی متحرک ہیں۔

ایسی تعلیمی اور ادبی میدان میں متحرک شخصیت کو ’’اردو کے فروغ کے لیے ہمہ جہت خدمات کا خصوصی ایوارڈ‘‘ ملنا حق بحقدار رسید کی عملی تفسیر ہے۔ ڈاکٹر اشفاق عمر کو ایوارڈ ملنے پر ممتاز و معروف ادیبہ و مصنفہ و مثالی معلم ایوارڈ یافتہ و اردو اکیڈمی جدہ ایوارڈ یافتہ محترمہ سعدیہ فاطمہ (مدینۃ العلوم اسکول ناندیڑ- مہاراشٹرا)، حیدرآباد دکن کے بین الاقوامی شہرت یافتہ ممتاز و معروف سنجیدہ و مزاحیہ شاعر جناب فرید سحر حیدرآباد، جناب محمد حسین قادری عارف (دبا الفجیرہ متحدہ عرب امارات)، ممتاز و معروف شاعر و ادیب پروفیسر مسعود احمد (حیدرآباد)، ڈاکٹر سید آصف امجد (کینیڈا)، محمد حمید الدین (ریاض – سعودی عرب) اہلیانِ مالیگاؤں سمیت رفیق شیخ، سلیم الوارے، ڈاکٹر خلیل صدیقی (لاتور)، پرویز انصاری (ممبئی)، مشیر احمد انصاری (ممبئی)، شکیل انصاری (ممبئی)، پرنسپل اسلم شیخ (یارانِ اردو، ممبئی)، نعیم شاہین (مالیگاؤں)، پروفیسر یعقوب خان (سری نگر) اور بہت ساری معتبر تعلیمی و سماجی شخصیات نے مبارکباد پیش کی ہے۔