مہاراشٹرا

اورنگ آباد میں ”ایجوکیشن ایکسپو و اردو کتاب میلہ2022“جاری

یہاں جملہ 138اسٹالس لگائے گئے ہیں، سب سے نمایاں خصوصیت ”قران اور ماڈرن سائنس“ نمائش ہے۔ یہاں پر دنیا میں جتنی بھی زبانوں میں قرآن مجید کا ترجمہ ہوا ہے ان سب کی ایک کاپی رکھی گئی ہے۔

اورنگ آباد: اورنگ آباد میں ”ایجوکیشن ایکسپو و اردو کتاب میلہ2022“ کا انعقاد 16 تا 22دسمبر ’سوشل 7 فاؤنڈیشن، کی جانب سے جاری ہے۔ آرگنائزنگ کمیٹی کے کنوینر باسط صدیقی اور افروز خان نے تفصیلات بتلاتے ہوئے کہا کہ اس ’ایجوکیشن ایکسپو و اردو کتاب میلہ2022‘ کے دوران 7 دنوں میں مختلف عنوانات پر 40 سے زائد سمینار اور کانفرنسس ہوں گی۔

 یہاں جملہ 138اسٹالس لگائے گئے ہیں، سب سے نمایاں خصوصیت ”قران اور ماڈرن سائنس“ نمائش ہے۔ یہاں پر دنیا میں جتنی بھی زبانوں میں قرآن مجید کا ترجمہ ہوا ہے ان سب کی ایک کاپی رکھی گئی ہے۔ قرآن کے 35 زبانوں کے تراجم یہاں رکھے گئے ہیں۔

 21دسمبر کو ”فانوس آگہی“مقابلوں کا انعقاد عمل میں لا یا جا رہا ہے۔جامعہ اسلامیہ اکل کوا کااسٹال موجود ہے۔ اس موقع پر اس ادارہ کے ذمہ دار مفتی ہلال الدین نے ماہنامہ ’شاہراہ علم‘کے خصوصی شمارہ کے تعلق سے بتایا۔ ایکسپو میں 3ڈی اسلامک کارٹون چینل ’کڈس میسیج‘کا تعارف کرایا گیا۔

 ریڈ اینڈ لیڈ فاونڈیشن کے اسٹال پر خصوصی ڈسکاونٹ دیا جا رہا ہے۔ قومی کونسل برائے فروغ اردو کی جانب سے وسیع اسٹال لگایا گیا ہے جہاں کتابوں پر 75 فیصد تک ڈسکاؤنٹ دیا جارہا ہے۔ ’وحدت اسلامی‘کا کیلنڈر، ایکسپو میں توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔ مختلف ماہرین تعلیم کی تقاریر کا سلسلہ جاری ہے۔

 ایکسپو میں مختلف سیشنس کی نظامت امتیاز خلیل، سفر خان، افروز خان، باسط صدیقی، عبدالوہاب، محمد زید، سید فاروق احمد، شہاب مرزا، دانش ریاض، اشرف محمدی نے کی۔