مہاراشٹرا
پکنک کے دوران باپ اور بیٹی ڈیم میں غرقاب
عہدیدار نے بتایا کہ شریش اور ایشوریہ تیراکی کے لیے ڈیم کے پانی میں اترے۔ جہاں وہ اترے وہاں پانی گہرا نہیں تھا، لیکن دونوں غرقاب ہوگئے جس کے بعد خاندان کے دیگر ارکان نے شور مچایا۔

پونے: پونے ضلع میں پکنک منانے کے دوران بھاٹگھر ڈیم میں 45 سالہ شخص اور اس کی 13سالہ بیٹی غرقاب ہوگئے۔ پولیس نے چہارشنبہ کو یہ اطلاع دی۔
بھور پولیس اسٹیشن کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ یہ حادثہ منگل کی شام کو پیش آیا۔ باپ بیٹی کی شناخت شریش دھرم ادھیکاری اور ایشوریہ کی حیثیت سے کی گئی۔
دونوں اپنے خاندان کے دیگر ارکان کے ساتھ ڈیم کے پاس واقع بھور تحصیل کے پسورے گاؤں کے پاس پکنک منانے گئے تھے۔
عہدیدار نے بتایا کہ شریش اور ایشوریہ تیراکی کے لیے ڈیم کے پانی میں اترے۔ جہاں وہ اترے وہاں پانی گہرا نہیں تھا، لیکن دونوں غرقاب ہوگئے جس کے بعد خاندان کے دیگر ارکان نے شور مچایا۔
پولیس نے بتایا کہ تلاشی مہم شروع کی گئی اور دیر شام لڑکی کی لاش دستیاب ہوئی جبکہ اس کے والد کی لاش چہارشنبہ کی صبح برآمد کی گئی۔