جموں و کشمیر

مزید چار دہشت گردوں کے مکان منہدم کئے گئے

ذرائع کے مطابق یہ کارروائیاں سیکورٹی فورسز کی جانب سے پہلگام حملے کے بعد دہشت گردی کے نیٹ ورک کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے تحت عمل میں لائی گئی ہیں۔

سری نگر: جموں و کشمیر کے بانڈی پورہ، کپواڑہ، پلوامہ اور شوپیان اضلاع میں سرگرم دہشت گردوں کے مکانات کو منہدم کر دیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں
جیش کی ذیلی تنظیم نے کشمیر دہشت گرد حملہ کی ذمہ داری قبول کرلی
کینڈا میں مقیم ببرخالصہ کارکن دہشت گرد قرار
رمضان میں وادی کشمیر میں مہنگائی کا جن قابوسے باہر
کشمیر میں انسداد دہشت گردی قانون کے تحت 3 مکانات کی ضبطی
سری نگر کے بخشی اسٹیڈیم میں 5 سال بعد یوم آزادی تقریب


ذرائع کے مطابق یہ کارروائیاں سیکورٹی فورسز کی جانب سے پہلگام حملے کے بعد دہشت گردی کے نیٹ ورک کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے تحت عمل میں لائی گئی ہیں۔


ذرائع نے بتایا کہ شوپیان کے وندانہ علاقے میں ہفتہ کی شب عدنان شفیع، جو گزشتہ سال دہشت گردوں کی صف میں شامل ہوا تھا، کا رہائشی مکان گرایا گیا۔


اسی طرح پلوامہ ضلع میں ایک سرگرم شدت پسند عامر نذیر کے مکان کو بھی منہدم کر دیا گیا ہے۔
بانڈی پورہ میں لشکر طیبہ سے وابستہ دہشت گرد جمیل احمد شیرگوجری کا مکان بھی زمین بوس کر دیا گیا۔ شیرگوجری 2016 سے سرگرم دہشت گردوں میں شمار ہوتا ہے۔


سرحدی ضلع کپواڑہ میں لشکر طیبہ سے وابستہ سرگرم دہشت گرد فاروق احمد ٹیڈوا کے رہائشی مکان کو بھی مسمار کردیا گیا ہے۔


ذرائع نے بتایا کہ پہلگام حملے کے بعد سے اب تک دہشت گردوں اور ان کے معاونین کے مجموعی طور پر نو مکانات کو منہدم کیا جا چکا ہے۔


یاد رہے کہ منگل کے روز پہلگام میں دہشت گردوں نے فائرنگ کر کے 26 افراد، جن میں اکثریت سیاحوں کی تھی، کو ہلاک کر دیا تھا۔ اس سفاک حملے کے بعد ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کشیدگی میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی نے حملہ آوروں کے خلاف سخت کارروائی کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ قاتلوں کو زمین کے آخری کونے تک ڈھونڈ نکالا جائے گا۔