شمال مشرق

گرل فرینڈ کا شادی سے انکار، بوائے فرینڈ نے فیس بک لائیو پر کرلی خودکشی

جے دیپ رائے نے فیس بک پر لائیو اسٹریمنگ کے دوران مبینہ طور پر خودکشی کر لی۔ پیر کو ہوئی اس کی موت کے بعد ارکان خاندان نے ابھی تک کوئی قانونی کارروائی نہیں کی ہے۔

گوہاٹی: آسام کے سلچر میں پیش آئے ایک چونکا دینے والے واقعے میں ایک 27 سالہ نوجوان نے فیس بک لائیو پر اس وقت خودکشی کرلی جب اس کی گرل فرینڈ نے اپنے خاندان کے دباؤ کی وجہ سے اُس سے شادی سے انکار کردیا۔

جے دیپ رائے (27 سالہ) نے فیس بک پر لائیو اسٹریمنگ کے دوران مبینہ طور پر خودکشی کر لی۔ پیر کو ہوئی اس کی موت کے بعد ارکان خاندان نے ابھی تک کوئی قانونی کارروائی نہیں کی ہے۔

نوجوان کے اہل خانہ اپنے بچے کی موت کے لئے اس کی گرل فرینڈ کے ارکان خاندان کو ذمہ دار قرار دے رہے ہیں۔

نوجوان میڈیکل سیلزمین کے طور پر کام کرتا تھا جس نے سلچر میں کرائے کے کمرے میں فیس بک لائیو کے دوران پھانسی لے کر خودکشی کرلی۔  جے دیپ کا خاندان کالین کے قریبی علاقے میں رہتا ہے۔

اپنے فیس بک لائیو میں جے دیپ کو اپنی کہانی سناتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ اس نے انکشاف کیا کہ اس نے اپنی گرل فرینڈ سے شادی کے لئے اس کے گھر باقاعدہ رشتہ بھیجا تھا مگر اس نے سب کے سامنے رشتہ ٹھکرا دیا۔ بعد میں اس کے چچا نے جے دیپ کو بتایا کہ یہ شادی ہوتی ہے تو وہ اپنی لڑکی کو قتل کردیں گے۔

جے دیپ نے فیس بک لائیو پر کہا کہ اب میں اس دنیا سے جا رہا ہوں تاکہ اسے میری وجہ سے کوئی تکلیف نہ پہنچے۔

جے دیپ نے اس طرح کا قدم اٹھانے پر اپنے تمام ارکان خاندان سے معافی مانگی اور کہا کہ میں اپنی ماں، چچا، ماموں، خالہ، بہن، بڑے بھائی، بھانجی اور بھابھی سب سے معذرت خواہ ہوں۔ میں سب سے پیار کرتا ہوں مگر اپنی گرل فریند سے سب سے زیادہ پیار کرتا ہوں اور اس کے بغیر زندہ نہیں رہ سکتا۔

جے دیپ کے بڑے بھائی روپم نے انکشاف کیا کہ ان کا خاندان صدمے میں ہے جس کی وجہ سے انہوں نے پولیس میں کوئی باقاعدہ شکایت درج نہیں کرائی ہے۔

روپم نے کہا کہ آج ہم سلچر پولیس اسٹیشن جائیں گے۔ ان کے مطابق لڑکی کے گھر والوں نے جے دیپ پر دباؤ ڈالا جس کی وجہ سے اس نے اپنی جان لے لی۔

روپم نے مزید کہا کہ میرا بھائی ایک اچھا آدمی تھا اور ہمارے پورے خاندان کی دیکھ بھال کر رہا تھا۔ وہ اچھا خاصا کماتا تھا، مجھے سمجھ نہیں آتی کہ اس لڑکی کے خاندان کو کیا مسئلہ تھا؟

فیس بک لائیو میں جے دیپ رائے نے کہا کہ وہ برسوں تک اس لڑکی کے ساتھ گرل فرینڈ بوائے فرینڈ کے رشتے میں رہنے کے بعد شادی سے انکار کو برداشت نہیں کرسکا اور اس لئے اپنی زندگی کا خاتمہ کررہا ہے۔

اسی دوران ایک پولیس اہلکار نمل مہانتا نے بتایا کہ جے دیپ کے خاندان کی طرف سے ابھی تک کوئی شکایت درج نہیں کرائی گئی ہے۔ تاہم اس معاملے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔