شمالی بھارت

گوگل میپ ایک بار پھر بنا جان لیوا؟ کار میں 2 لڑکیاں تڑپ تڑپ کر دم توڑ گئیں، جانئیے کیسے ہوایہ خوفناک حادثہ

 کار کو ایک سامنے سے آتے ہوئے ٹرک نے ٹکر مار دی، جو اس ہولناک حادثے کا سبب بنی۔ یہ واقعہ دہلی-لکھنؤ ہائی وے پر رات تقریباً 12 بجے پیش آیا، جب کار دہلی کی سمت مڑنے کی کوشش کر رہی تھی۔

مرادآباد: گوگل میپ کے ذریعہ راستہ تلاش کرنا ایک بار پھر جان لیوا ثابت ہوا۔ اتر پردیش کے ضلع مرادآباد میں ایک دل دہلا دینے والا حادثہ پیش آیا جہاں گوگل میپ کی مدد سے سفر کر رہے چار افراد ایک خوفناک سڑک حادثہ کا شکار ہو گئے۔ اس واقعے میں دو نوجوان لڑکیوں کی موت ہو گئی جبکہ دو دیگر افراد شدید زخمی ہو گئے۔

متعلقہ خبریں
ملگ میں پرچم کا پول برقی تاروں سے ٹکراگیا، 2ہلاک
سنبھل فساد عدالتی کمیشن کا کل دورہ
بہرائچ تشدد، فوری کارروائی کی جائے: پرینکا گاندھی
پاتال ایکسپریس کو پٹری سے اتارنے کی کوشش‘ یوپی میں ایک گرفتار
ہتھرس میں بھگدڑ واقعہ، چارج شیٹ داخل

پولیس کے مطابق یہ واقعہ مرادآباد کے تھانہ مودھا پانڈے علاقے میں پیش آیا۔ کار میں سوار تمام افراد نینی تال سے سیر و تفریح کے بعد واپس آ رہے تھے۔ تفتیش میں معلوم ہوا کہ حادثہ کے بعد کار خود بخود اندر سے لاک ہو گئی، جس کے سبب مسافر اندر ہی پھنس گئے۔

 کار کو ایک سامنے سے آتے ہوئے ٹرک نے ٹکر مار دی، جو اس ہولناک حادثے کا سبب بنی۔ یہ واقعہ دہلی-لکھنؤ ہائی وے پر رات تقریباً 12 بجے پیش آیا، جب کار دہلی کی سمت مڑنے کی کوشش کر رہی تھی۔

مرادآباد کے سٹی ایس پی کے مطابق، ایک ٹرک دہلی سے رامپور کی طرف جا رہا تھا، جبکہ ورنا کار رامپور سے دہلی جا رہی تھی۔ دونوں گاڑیوں کے درمیان زبردست تصادم ہوا، جس میں کار میں سوار دو خواتین موقع پر ہی دم توڑ گئیں جبکہ دو مرد شدید زخمی حالت میں اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ تمام متاثرین کا تعلق روہتک، ہریانہ سے بتایا جا رہا ہے، اور یہ سب نینی تال سے لوٹ رہے تھے۔

پولیس نے مزید بتایا کہ گوگل میپ کی وجہ سے یہ لوگ بائی پاس چھوڑ کر شہر کے اندرونی راستے سے دہلی جانے کی کوشش کر رہے تھے، اور یہی ان کے لیے جان لیوا ثابت ہوا۔ حادثہ کی اطلاع متاثرین کے افراد خاندان کو دے دی گئی ہے، اور زخمیوں کے علاج کی مکمل نگرانی کی جا رہی ہے۔

واضح رہے  کہ گزشتہ سال اتر پردیش کے بریلی ضلع میں بھی ایسا ہی ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا تھا، جس میں گوگل میپ نے کار سواروں کو ایک ادھورے پل کی طرف موڑ دیا تھا۔

گاڑی پل سے نیچے گر گئی، جس کے نتیجے میں دو بھائیوں سمیت تین افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔ یہ واقعہ بریلی کے فریدپور علاقے کے کھلپور مقام پر پیش آیا تھا، اور جی پی ایس سسٹم پر انحصار کرنے کا نتیجہ ایک اور خاندانی المیے کی صورت میں سامنے آیا۔