شمالی بھارت

حکومت ہماچل کی تباہ کاریوں کو قومی آفت قرار دے: پرینکا گاندھی

کانگریس جنرل سکریٹری نے ہماچل پردیش کے وزیر اعلی سکھوندر سنگھ سکھو کے ساتھ کئی آفت زدہ علاقوں کا دورہ کیا اور متاثرین کے مسائل سنے اور ریاستی حکومت کی طرف سے ہر طرح کی مدد کا یقین دلایا۔

نئی دہلی: کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے کہا ہے کہ ہماچل پردیش کی صورتحال بہت تکلیف دہ ہے اور وہاں قدرت نے جو تباہی مچائی ہے اس نے لوگوں کی خوشیاں چھین لی ہے، اس لئے مرکزی حکومت کوہماچل پردیش کی تباہ کاریوں کو قومی آفت قرار دینا چاہیے۔

متعلقہ خبریں
مودی حکومت نے آر ٹی آئی قانون کو کمزور کرنے کی مسلسل کوششیں کی ہیں: کانگریس
عرشیہ انجم کی مشتبہ موت : ہماچل پردیش پولیس افسر کی اقلیتی کمیشن پر حاضری
میں نے حکمت عملی کے تحت لوک سبھا الیکشن نہیں لڑا: پرینکا کا انٹرویو (ویڈیو)
جموں کے دوڈا میں جوشی مٹھ جیسی صورتحال
آخر پاکستان پر بات کیوں ہورہی ہے جب انتخابات ہندوستان میں ہورہے ہیں:پرینکا

واڈرا نے کہا، "ہماچل پردیش کی صورتحال بہت دردناک ہے۔ ریاست کے عوام کا بہت بڑا نقصان ہوا ہے۔ ہم نے کل بھی کہا تھا کہ سب کو متحد ہو کر اس آفت کا سامنا کرنا ہوگا۔ اگر مرکزی حکومت اسے قومی آفت قرار دیتی ہے تو اس سے ریاست کو بہت مدد ملے گی۔

انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ مودی حکومت کو امریکہ کے سیب پر درآمدی چھوٹ دینے کی فکر ہے اور وہاں کے سیب پیدا کرنے والے کسانوں کو فائدہ پہنچانا چاہتی ہے، لیکن اسے اپنے سیب کسانوں کی مدد کرنے کی فکر نہیں ہے۔ اپنے سیب کے کاشتکاروں کی مدد کرنے کے بجائے وہ امریکہ کے کسانوں کی مدد کر رہی ہے۔

کانگریس جنرل سکریٹری نے ہماچل پردیش کے وزیر اعلی سکھوندر سنگھ سکھو کے ساتھ کئی آفت زدہ علاقوں کا دورہ کیا اور متاثرین کے مسائل سنے اور ریاستی حکومت کی طرف سے ہر طرح کی مدد کا یقین دلایا۔

 وہ آفات سے تباہ ہونے والے شملہ کے شیو باوڑی میں واقع شیو مندر پہنچیں اور آفت زدگان سے ملاقات کی۔ مندر کے قریب ہونے والی لینڈ سلائیڈنگ سے 21 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔