اگر میں آخری ریڈی چیف منسٹر ہوں تو اس کی مجھے کوئی پرواہ نہیں: اے ریونت ریڈی
چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے کہا ہے کہ”اگر میں آخری ریڈی چیف منسٹر ہوں تو اس کی مجھ پرواہ نہیں ہے“۔ لیکن ایک پابند ڈسپلن چیف منسٹر کی حیثیت سے پارٹی کی اعلیٰ قیادت کی جانب سے عوام سے کئے گئے وعدوں کی تعمیل کرنا میری ذمہ داری ہے۔

حیدرآباد: چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے کہا ہے کہ”اگر میں آخری ریڈی چیف منسٹر ہوں تو اس کی مجھ پرواہ نہیں ہے“۔ لیکن ایک پابند ڈسپلن چیف منسٹر کی حیثیت سے پارٹی کی اعلیٰ قیادت کی جانب سے عوام سے کئے گئے وعدوں کی تعمیل کرنا میری ذمہ داری ہے۔
چیف منسٹر آج شام پرکاشم ہال گاندھی بھون میں کاسٹ سروے اور ایس سی طبقہ کی ذیلی زمرہ بندی سے متعلق پاور پوائنٹ پر زنٹیشن پروگرام سے خطاب کررہے تھے۔ چیف منسٹر نے کہاکہ کاسٹ سروے کروانا میرا وعدہ تھا۔ یہ سروے میں نے میرے لئے یا کسی عہدے کیلئے نہیں کرایا۔
میں نے ذات پات کے سروے کیلئے کوئی بھی قربانی دینے کیلئے تیار تھا۔ میں اپنی اعلیٰ قیادت کے احکامات کو پورا کرنے کا پابند ہوں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ سروے میں غلطیوں سے متعلق اپوزیشن کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اگر کاسٹ سروے غلط ہوا ہے تو بی سی طبقہ ہمیشہ کیلئے انہیں ملنے والے مراعات سے محروم ہوجائے گا۔
چیف منسٹر نے کہا کہ راہول گاندھی نے لوک سبھا میں وزیر اعظم سے ملک بھر میں کاسٹ سروے کروانے کا مطالبہ کیا ہے اور کہا کہ نریندر مودی اور کے سی آر کاسٹ کے سروے کو روکنے سازش کررہے ہیں۔ نریندر مودی پیدائشی طور پر بی سی نہیں ہیں۔ مودی نے چیف منسٹر گجرات کے عہدے پر فائز ہونے کے بعد بی سی کی فہرست میں اپنے نام شامل کیا ہے۔
مودی، سرٹیفکیٹ کے مطابق بی سی ہیں لیکن ان کا اعلیٰ ذات سے تعلق ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ اگر طبقاتی سروے کے بعد قانون کے مطابق بی سی طبقہ تحفظات کا حقدار بن گیا تو سپریم کورٹ بھی کہہ گا کہ بی سی کے تحفظات میں اضافہ کرنا چاہئے۔ چیف منسٹر نے بی سی طبقہ کی انجمنوں کو مشورہ دیا کہ وہ کے سی آر، کے ٹی آر اور ہریش راؤ کے مکانات کے روبرو باجہ نوازی کریں تاکہ انہیں سروے کا سوشیل بائیکاٹ کرنے کی سزا مل سکے۔
صدر ٹی پی سی سی مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ ذات پات کی مردم شماری اور ایس سی طبقہ کی ذیلی درجہ بندی کا نگریس حکومت کا تاریخی کارنامہ ہے۔ کانگریس حکومت ترقی اور فلاح وبہبود کے دو نظریات کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے۔ کانگریس حکومت نے آزادی کے بعد ملک بھر میں پہلی مرتبہ ذات پات کا سروے مکمل کیا ہے اور یہ راہول گاندھی کی سونچ وفکر اور ان کے نظریات کے مطابق کیا گیا ہے۔
انہوں نے اپوزیشن کی جانب سے ذات پات کے سروے کے خلاف الزامات کو گمراہ کن قرار دیا اور کہا کہ کانگریس حکومت سائنیٹفک طریقہ سے سروے مکمل کیا ہے۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں کو مشورہ دیا کہ وہ ذات پات کے سروے اور ایس سی طبقہ کی ذیلی زمرہ بندی سے عوام کو واقف کرائیں پروگرام سے ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکہ، ریاستی وزیر پونم پربھاکر، کومٹ ریڈی، وینکٹ ریڈی، مشیر حکومت محمد علی شبیر، اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔