دشمن کو سزا ملتی رہے گی: خامنہ ای
ایران کے رہبر اعلیٰ آیت اللہ سید علی حسینی خامنہ ای نے اپنے ملک کی نیوکلیر سائٹس پر امریکہ کے حملہ کے بعد پیر کے دن اپنے پہلے ردعمل میں کہا کہ اسرائیل کو جسے وہ صیہونی دشمن کہتے ہیں‘ سزا ملتی رہے گی۔

تہران (آئی اے این ایس) ایران کے رہبر اعلیٰ آیت اللہ سید علی حسینی خامنہ ای نے اپنے ملک کی نیوکلیر سائٹس پر امریکہ کے حملہ کے بعد پیر کے دن اپنے پہلے ردعمل میں کہا کہ اسرائیل کو جسے وہ صیہونی دشمن کہتے ہیں‘ سزا ملتی رہے گی۔
انہوں نے حملوں کو بڑا جرم قراردیا اور جوابی کارروائی کا انتباہ دیا۔ ایکس پر پوسٹ میں انہوں نے کہا کہ سزا جاری رہے گی۔ صیہونی دشمن نے بڑی غلطی‘ بڑا جرم کیا ہے۔ اسے سزا مل کر رہے گی۔ اتوار کے دن اسرائیلی وزیراعظم نتن یاہو نے کہا تھا کہ ان کا ملک‘ ایران اور غزہ میں پوری قوت سے حملے جاری رکھے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہم اہداف پورے ہونے تک اس تاریخی آپریشن کو روکنے والے نہیں۔ اسی دوران ایرانی پارلیمنٹ (مجلس) نے آبنائے ہرمز کو بند کرنے کے حق میں ووٹ دیا۔ آبنائے ہرمز دنیا کا ایک نہایت اہم آئیل ٹرانزٹ پوائنٹ ہے۔
جوابی کارروائی کا قطعی فیصلہ ملک کی سپریم نیشنل سیکوریٹی کونسل یعنی خامنہ ای کے پاس محفوظ ہے۔ پارلیمنٹ کی ووٹنگ انہیں محض ایک مشورہ ہے۔
امریکہ نے آپریشن مڈنائٹ ہیمرکے تحت کل ایران کی 3 نیوکلیر سائٹس اصفہان‘ فردو اور نتانز کو نشانہ بنایا تھا۔ ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ میں امریکہ کود پڑا۔ صدر ٹرمپ نے ایران پر حملہ کے لئے اپنے ملک کی کانگریس کی اجازت نہیں لی جس پر اندرون ِ ملک ان پر تنقید ہورہی ہے۔