حیدرآباد کے دولہے بھائی تو نہیں گئے تھے امیٹھی، پھر بھی آپ کا بھائی ہار گیا، پرینکا کے بی ٹیم ریمارک پر اسد اویسی برہم
اویسی نے جمعرات کو ایک جلسہ عام میں کہا کہ آپ نے دہلی میں عام آدمی پارٹی کے ساتھ اتحاد کیا ہے۔ وہی عام آدمی پارٹی جس نے جموں و کشمیر میں دفعہ 370 کو ہٹانے میں بی جے پی کی مدد کی تھی... اور آپ ہمیں 'BJP B-Team' کہتے ہیں۔

نئی دہلی: آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے سربراہ اسد الدین اویسی نے کانگریس لیڈر پرینکا گاندھی پر سخت تنقید کی۔ اسد الدین اویسی نے پرینکا گاندھی سے سوال کیا کہ آپ کا بھائی امیٹھی سے الیکشن ہار گیا، کیا میں نے وہاں سے الیکشن لڑا تھا؟
رائے بریلی میں اپنے بھائی اور کانگریس امیدوار راہول گاندھی کے حق میں مہم چلاتے ہوئے، پرینکا گاندھی نے اویسی پر الزام لگایا تھا اور کہا تھا، ”اسدالدین اویسی جی براہ راست بی جے پی کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ تلنگانہ کے گزشتہ الیکشن میں یہ بالکل واضح ہوگیا۔‘‘
پرینکا گاندھی کے الزام کا جواب دیتے ہوئے اویسی نے کہا، ”حیدرآباد کے دولہے بھائی وہاں نہیں گئے تھے پھر بھی امیٹھی میں تمہارا بھائی ہار گیا۔ انہوں نے پوچھا کہ کیا میں نے امیٹھی سے میری پارٹی کے کسی اُمیدوار کو کھڑا کیا تھا؟ آپ نے مہاراشٹرا میں ادھو ٹھاکرے کی پارٹی شیوسینا سے اتحاد کرلیا، وہ شیوسینا جس کے بارے میں سری کرشنا کمیشن نے بال ٹھاکرے کے بارے میں لکھا تھا کہ اُنہوں نے جنرل کی طرح رول ادا کیا تھا۔
اویسی نے جمعرات کو ایک انتخابی جلسہ عام میں کہا کہ آپ نے دہلی میں عام آدمی پارٹی کے ساتھ اتحاد کیا ہے۔ وہی عام آدمی پارٹی جس نے جموں و کشمیر میں دفعہ 370 کو ہٹانے میں بی جے پی کی مدد کی تھی… اور آپ ہمیں ‘BJP B-Team’ کہتے ہیں۔ 2019 کے انتخابات میں آپ 92 فیصد سیٹیں ہار گئے تھے، جن پر آپ بی جے پی سے مقابلہ کر رہے تھے۔
قابل ذکر ہے کہ 2019 کے لوک سبھا انتخابات میں راہول گاندھی نے امیٹھی کے ساتھ ساتھ وائناڈ سیٹ سے بھی مقابلہ کیا تھا۔ اگرچہ انہوں نے وائناڈ سے کامیابی حاصل کی تھی، لیکن وہ مرکزی وزیر اسمرتی ایرانی کے مقابلہ میں امیٹھی کی نشست ہار گئے۔
اس بار راہول گاندھی وائناڈ اور رائے بریلی سے مقابلہ کررہے ہیں۔ کانگریس نے امیٹھی سے کشوری لال شرما کو میدان میں اتارا ہے۔ رائے بریلی کی سیٹ گزشتہ دو دہائیوں سے راہول گاندھی کی والدہ سونیا گاندھی کے پاس تھی۔