اب ناگپور کے سرکاری دواخانہ میں 25 اموات
اتفاق سے ناگپور‘ ریاست کا دوسرا دارالحکومت ہے۔ یہ ڈپٹی چیف منسٹر دیویندر پھڈنویس اور مرکزی وزیر نتن گڈکری اور دیگر ممتاز اپوزیشن قائدین کا آبائی شہر ہے۔

ناگپور: ناگپور کے سرکاری میو ہاسپٹل میں صرف 24 گھنٹوں میں مختلف وجوہات سے کم ازکم 25 مریضوں نے اپنی جان گنوائی۔ ریاست کے علاج معالجہ نظام کی صحت پر نئے سوالات اٹھے ہیں۔ این سی پی رکن پارلیمنٹ سپریہ سولے نے آج صبح ایک پوسٹ میں لکھا کہ طبی نظام ڈھیر ہوچکا ہے اور حکومت سورہی ہے۔
تھانے‘ ناندیڑ‘ سمبھاجی نگر (اورنگ آباد) کے بعد اب ناگپور میں بھی 25 مریضوں کی موت واقع ہوئی۔ چیف منسٹر‘ ڈپٹی چیف منسٹر کے پاس دہلی جانے کا وقت ہے لیکن ان دواخانوں کے دورہ کا نہیں۔ سپریہ سولے نے الزام عائد کیا کہ ان قائدین کے نزدیک مہاراشٹرا کے عوام کی جانوں کی کوئی اہمیت نہیں۔ دواؤں کی قلت ہے۔
اتفاق سے ناگپور‘ ریاست کا دوسرا دارالحکومت ہے۔ یہ ڈپٹی چیف منسٹر دیویندر پھڈنویس اور مرکزی وزیر نتن گڈکری اور دیگر ممتاز اپوزیشن قائدین کا آبائی شہر ہے۔
اسی دوران ناندیڑ کے ڈاکٹر شنکر راؤ چوان گورنمنٹ میڈیکل کالج اینڈ ہاسپٹل (ناندیڑ) میں مرنے والوں کی تعداد 35 اور اورنگ آباد کے گھاٹی دواخانہ میں اموات 10 سے بڑھ کر 18 ہوگئیں۔
شیوسینا یو بی ٹی قائد اپوزیشن (کونسل) امباداس دانوے نے اج صبح ناندیڑ دواخانہ کا دورہ کیا۔ پی ٹی آئی کے بموجب 24 گھنٹوں میں ناگپور کے ایک سرکاری دواخانہ سے 14 اور دوسرے سرکاری دواخانہ سے 9 اموات کی خبر ہے۔