شمالی بھارت

پرشانت کشور کا دعویٰ گمراہ کن

سیاسی حکمت عملی ساز پرشانت کشور نے چہارشنبہ کے دن دعویٰ کیا کہ چیف منسٹر بہار نتیش کمار کا بی جے پی سے ربط ہے اور وہ پھر بھگوا جماعت سے اتحاد کرسکتے ہیں۔

نئی دہلی: سیاسی حکمت عملی ساز پرشانت کشور نے چہارشنبہ کے دن دعویٰ کیا کہ چیف منسٹر بہار نتیش کمار کا بی جے پی سے ربط ہے اور وہ پھر بھگوا جماعت سے اتحاد کرسکتے ہیں۔

جنتادل یو نے پرشانت کشور کے اس دعویٰ کو گمراہ کن قراردیا اور کہا کہ اس کا مقصد الجھن پیدا کرنا ہے۔ پرشانت کشور ان دنوں بہار میں پدیاترا کررہے ہیں۔ انہوں نے پی ٹی آئی سے کہا کہ نتیش کمار نے جنتادل یو رکن پارلیمنٹ اور نائب صدرنشین راجیہ سبھا ہری ونش کے ذریعہ بی جے پی کے ساتھ اپنی کمیونیکیشن لائن کھلی رکھی ہے۔

ہری ونش سے جب ان کا ردعمل جاننا چاہا تو کوئی جواب نہیں ملا لیکن ان کی پارٹی نے پرشانت کشور کے دعویٰ کو مسترد کردیا اور زور دے کر کہا کہ نتیش کمار بی جے پی سے کبھی بھی ہاتھ نہیں ملائیں گے۔

پرشانت کشور نے کہا کہ بی جے پی کے خلاف قومی اتحاد قائم کرنے میں سرگرم نتیش کمار کے بارے میں لوگوں کو یہ جان کر حیرت ہوگی کہ انہوں نے بی جے پی کے ساتھ اپنی لائن کھلی رکھی ہے۔ اپنی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ اور نائب صدرنشین راجیہ سبھاہری ونش جی کے ذریعہ وہ بی جے پی سے رابطہ میں ہیں۔

ہری ونش کو اسی وجہ سے راجیہ سبھا کا عہدہ نہ چھوڑنے کو کہا گیا ہے حالانکہ جنتادل یو‘ بی جے پی سے قطع تعلق کرچکی ہے۔ لوگوں کو ذہن میں رکھنا چاہئے کہ جب بھی حالات پلٹا کھائیں گے نتیش کمار پھر سے بی جے پی کا دامن تھام لیں گے۔ جنتادل یو نے پرشانت کشور پر تنقید کی۔

پارٹی ترجمان کے سی تیاگی نے کہا کہ نتیش بابو کھلے عام کہہ چکے ہیں کہ وہ اپنی زندگی میں پھر کبھی بی جے پی سے ہاتھ ملانے والے نہیں۔ ہم پرشانت کشور کے دعویٰ کی پرزور تردید کرتے ہیں۔ نتیش کمار زائداز 50 سال سے سیاست میں سرگرم ہیں جبکہ پرشانت کشور صرف 6 ماہ سے سیاست میں ہیں۔ وہ الجھن پیدا کرنے کے لئے گمراہ کن بیان دے رہے ہیں۔