چلتی ٹرین میں حاملہ خاتون نے بچہ کو جنم دیا
نارتھ ایسٹرن ریلوے (شمال مشرقی ریلوے) کے گونڈہ جنکشن پر جمعہ کے روز بہار سمپرک کرانتی ایکسپریس میں سفر کر رہی ایک حاملہ خاتون کو اچانک زچگی کا درد شروع ہو گیا۔
گونڈہ (یو این آئی) نارتھ ایسٹرن ریلوے (شمال مشرقی ریلوے) کے گونڈہ جنکشن پر جمعہ کے روز بہار سمپرک کرانتی ایکسپریس میں سفر کر رہی ایک حاملہ خاتون کو اچانک زچگی کا درد شروع ہو گیا۔
ریلوے کی طبی ٹیم اور ساتھی مسافروں کی مستعدی سے کوچ میں ہی محفوظ زچگی کرائی گئی، جس میں خاتون نے ایک صحت مند بچے کو جنم دیا۔ ریلوے ذرائع نے بتایا کہ بہار سمپرک کرانتی ایکسپریس (12566) میں سفر کے دوران خوشبو (26) کو اچانک زچگی کا درد ہونے لگا۔
اس کی اطلاع ملتے ہی گونڈہ جنکشن کے پلیٹ فارم نمبر-2 پر ڈپٹی اسٹیشن سپرنٹنڈنٹ دیپک پانڈے، ڈاکٹر پرتیبھا سنگھ اور میڈیکل ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی۔انہوں نے بتایا کہ ساتھی مسافروں کے تعاون سے ٹرین کے ایس-4 کوچ میں ہی محفوظ زچگی کرائی گئی، جہاں خاتون نے ایک صحت مند بچے کو جنم دیا۔
اس دوران موجود مسافروں نے نوزائیدہ بچے کو پیار سے "کرانتی” کے نام سے پکارنا شروع کر دیا۔ ذرائع کے مطابق زچگی کے بعد ماں اور بچے کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔
اس کے بعد دونوں کو ایمبولینس کے ذریعے ضلع خواتین ہسپتال بھیجا گیا۔ اس دوران ٹرین تقریباً 20 منٹ تک گونڈہ جنکشن پر رکی رہی۔ ریلوے حکام نے بتایا کہ فی الحال ماں اور نوزائیدہ بچہ دونوں صحت مند ہیں۔