تلنگانہ

خریدا گیا کھلونا ہیلی کاپٹر نہ اُڑنے پر بچہ پولیس اسٹیشن پہنچ گیا، دکاندار کیخلاف درج کروائی شکایت(ویڈیو وائرل)

بچے کی شکایت پر متعلقہ سب انسپکٹر (ایس آئی) نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ایک کانسٹیبل کو جاترا مقام پر روانہ کیا۔ تاہم تب تک دکاندار وہاں سے جا چکا تھا۔ بعد ازاں پولیس نے بچے کے نانا کو طلب کیا اور بچے کو سمجھا بجھا کر گھر واپس روانہ کیا۔

حیدرآباد: ضلع سنگاریڈی کے کنگٹی منڈل میں ایک دلچسپ واقعہ پیش آیا، جہاں ایک 10 سالہ بچہ ونئے ریڈی نے کھلونا ہیلی کاپٹر نہ اُڑنے پر دکاندار کے خلاف پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی۔

متعلقہ خبریں
مودی کے خلاف توہین عدالت مقدمہ دائر کرنے کا فیصلہ: مشیر حکومت تلنگانہ
منیٰ میں تلنگانہ کی خاتون حاجی کا انتقال
اونا مالو نے علاقائی ثقافتی ورثہ اور کہانیوں کو منانے کے لیے ’تلنگانہ کتھالو‘ کا آغاز کیا
مہدی پٹنم میں اسکائی واک کے تعمیری کام تیزی سے جاری
نظام آباد میں جمعیۃ علماء ہند کی ممبر سازی مہم کا زبردست آغاز، بڑی تعداد میں مسلمانوں کی شمولیت

تفصیلات کے مطابق، ونئے ریڈی اپنے نانا کے ساتھ کنگٹی منڈل میں واقع اپنی نانی کے گھر گیا ہوا تھا، جہاں ایک مقامی جاترا (میلوں) کا انعقاد کیا گیا۔ جاترا کے دوران اس نے 300 روپے خرچ کرتے ہوئے ایک کھلونا ہیلی کاپٹر خریدا۔

جب وہ کھلونا اُڑنے میں ناکام رہا، تو بچہ دوبارہ دکان پر گیا اور ہیلی کاپٹر واپس دے کر دوسرا کھلونا لیا۔ تاہم دوسرا کھلونا بھی نہ اُڑا۔ وہ تیسری مرتبہ پھر دکان پہنچا، اور دکاندار نے اُسے ایک اور کھلونا دیا، مگر بدقسمتی سے وہ بھی کارآمد ثابت نہ ہوا۔

جب بچہ چوتھی بار دکاندار کے پاس کھلونا واپس لے کر گیا تو دکاندار نے کھلونا لینے سے انکار کرتے ہوئے بچے پر ناراضگی ظاہر کی۔ اس پر ونئے ریڈی نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے دکاندار پر دھوکہ دہی کا الزام عائد کیا اور سیدھے کنگٹی پولیس اسٹیشن پہنچ کر شکایت درج کروادی۔

بچے کی شکایت پر متعلقہ سب انسپکٹر (ایس آئی) نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ایک کانسٹیبل کو جاترا مقام پر روانہ کیا۔ تاہم تب تک دکاندار وہاں سے جا چکا تھا۔ بعد ازاں پولیس نے بچے کے نانا کو طلب کیا اور بچے کو سمجھا بجھا کر گھر واپس روانہ کیا۔

یہ دلچسپ واقعہ مقامی عوام کے درمیان موضوعِ گفتگو بن گیا، اور پولیس نے بچے کے احساسات کا احترام کرتے ہوئے نہایت نرمی و سنجیدگی کے ساتھ معاملے کو نمٹایا۔