شمالی بھارت

سسرال والوں کے طعنے دینے پر خاتون نے جڑواں بیٹوں کو مار ڈالا

ایک پولیس عہدیدار نے بتایا کہ ملزمہ سپنا دھاکڑ نے یہ حرکت کی کیونکہ اسے اس کے سسرال والوں نے طعنہ دیا تھا کہ وہ جڑواں بچوں کو کیسے پالے گی جبکہ اس کا شوہر شرابی اور بے روزگار ہے۔

بھوپال: بھوپال میں ایک 27 سالہ خاتون کو مبینہ طور پر اپنے 16 دن کے جڑواں بیٹوں کا گلا گھونٹ کر قتل کرنے اور ان کی لاشوں کو شہر میں ایک ویران جگہ پر پھینکنے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔ پولیس نے چہارشنبہ کو یہ بات بتائی۔

ایک پولیس عہدیدار نے بتایا کہ ملزمہ سپنا دھاکڑ نے یہ حرکت کی کیونکہ اسے اس کے سسرال والوں نے طعنہ دیا تھا کہ وہ جڑواں بچوں کو کیسے پالے گی جبکہ اس کا شوہر شرابی اور بے روزگار ہے۔

ٹی ٹی نگر پولس اسٹیشن کے انچارج چن سنگھ نے بتایا کہ سپنا نے گزشتہ ہفتے مقامی پولیس میں شکایت درج کرائی تھی کہ اس کے جڑواں بچے شہر کے بان گنگا علاقے میں فٹ پاتھ سے لاپتہ ہو گئے ہیں جبکہ وہ ضرورت سے فارغ ہونے گئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ پولیس نے علاقے میں سی سی ٹی وی کیمرہ فوٹیج کی جانچ کی اور پتہ چلایا کہ خاتون کے دعوے غلط تھے، جس کے بعد اسے منگل کو گرفتار کر لیا گیا۔

چن سنگھ نے مزید بتایا کہ پوچھ گچھ کے دوران، خاتون نے اعتراف کیا کہ اس نے 23 ستمبر کو بچوں کا گلا گھونٹ کر قتل کیا اور ان کی لاشیں حبیب گنج علاقے میں ایک ویران جگہ پر پھینک دیں۔

پولیس نے جڑواں بچوں کی لاشیں برآمد کرلی ہیں۔

سپنا دھاکڑ نے پولیس کو بتایا کہ اس کی تین سالہ بیٹی ہے۔ اس نے کہا کہ اس کے سسرال والے اسے طعنے دیتے تھے کہ وہ اپنے جڑواں بچوں کی دیکھ بھال کیسے کرے گی کیونکہ اس کا شوہر شرابی اور بے روزگار ہے۔