بین الاقوامی

زپ لائن سے گر کر خاتون کی مبینہ ہلاکت، وائرل ویڈیو نے شکوک و شبہات پیدا کر دئے

جہاں ایک طرف لوگ اسے 'فیک نیوز' قرار دے رہے ہیں، وہیں کچھ صارفین کا کہنا ہے کہ روشنی کی کمی یا کپڑوں کے گیلے ہونے کی وجہ سے رنگ مختلف نظر آ سکتے ہیں۔ کچھ لوگوں نے پس منظر میں موجود جھنڈوں اور دیگر اشیاء کا حوالہ دیتے ہوئے اسے ایک ہی مقام کا واقعہ قرار دیا۔

چونگ چنگ: سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک دل دہلا دینے والی ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ چین کے شہر چونگ چنگ میں ایک خاتون زپ لائن (Zipline) سے گر کر جاں بحق ہو گئی ہیں۔ تاہم سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد اس ویڈیو کی صداقت پر سوال اٹھا رہی ہے۔

ایکس صارف @newszg_official کی جانب سے شیئر کی گئی اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک خاتون زپ لائن کے لیے تیار ہو رہی ہیں۔ پوسٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ خاتون نے سواری شروع کرنے سے پہلے ہارنس (حفاظتی بیلٹ) کے ڈھیلے ہونے کی شکایت کی تھی، لیکن اسے نظر انداز کر دیا گیا۔ ویڈیو کا اختتام اچانک ہوتا ہے اور اس کے ساتھ ایک اسٹریچر کی تصویر منسلک ہے جس کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ یہ اسی خاتون کی لاش ہے۔

ویڈیو کے وائرل ہوتے ہی صارفین نے اس کی حقیقت پر بحث شروع کر دی۔ بہت سے لوگوں کا ماننا ہے کہ یہ ویڈیو جعلی یا گمراہ کن ہے

صارفین نے نشاندہی کی کہ زپ لائن والی خاتون اور اسٹریچر پر موجود شخص کے کپڑوں (خصوصاً پتلون کے رنگ) میں واضح فرق ہے۔

ویڈیو کے اچانک ختم ہونے اور اسٹریچر کی تصویر کا الگ سے منسلک ہونا اس واقعے کو مشکوک بنا رہا ہے۔اب تک کسی بھی چینی حکام یا معتبر خبر رساں ادارے نے اس مخصوص واقعے کی تصدیق نہیں کی ہے۔

جہاں ایک طرف لوگ اسے ‘فیک نیوز’ قرار دے رہے ہیں، وہیں کچھ صارفین کا کہنا ہے کہ روشنی کی کمی یا کپڑوں کے گیلے ہونے کی وجہ سے رنگ مختلف نظر آ سکتے ہیں۔ کچھ لوگوں نے پس منظر میں موجود جھنڈوں اور دیگر اشیاء کا حوالہ دیتے ہوئے اسے ایک ہی مقام کا واقعہ قرار دیا۔

چاہے یہ ویڈیو سچی ہو یا نہیں، اس نے انٹرنیٹ پر ایڈونچر اسپورٹس کے حفاظتی معیار پر ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ بڑی تعداد کا کہنا ہے کہ زپ لائن اور اس طرح کے دیگر خطرناک کھیلوں میں حفاظتی اقدامات پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہونا چاہئے۔