اسٹوکس نے ونڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لیا
انگلینڈ کی ٹسٹ ٹیم کے کپتان اور سرکردہ آل راؤنڈر بین اسٹوکس نے پیر کے روز ونڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔ وہ اپنا آخری ونڈے منگل کو جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلیں گے۔
لندن: انگلینڈ کی ٹسٹ ٹیم کے کپتان اور سرکردہ آل راؤنڈر بین اسٹوکس نے پیر کے روز ونڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔ وہ اپنا آخری ونڈے منگل کو جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلیں گے۔
اسٹوکس نے ٹویٹ کیاکہ میں منگل کو ڈرہم میں انگلینڈ کیلئے ونڈے کرکٹ میں اپنا آخری میچ کھیلوں گا۔ میں نے اس فارمیٹ سے ریٹائر کا فیصلہ کیاہے۔ یہ میرے لئے بہت مشکل فیصلہ رہاہے۔ میں نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ انگلینڈ کیلئے کھیلتے ہوئے ہر منٹ کا لطف اٹھایا ہے۔
ہمارا سفر شاندار رہاہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ کرکٹ کے تینوں فارمیٹس میں کھیلنا میرے لیے بہت مشکل ہے۔ مجھے لگتاہے کہ میرا جسم بھی اب جواب دے رہاہے۔ میں خود ایک کھلاڑی کی جگہ لے رہا ہوں۔
میں چاہتا ہوں کہ میری جگہ کوئی اور اس فارمیٹ میں کھیلے اور مجھ سے بہتر کارکردگی دکھائے۔ اسٹوکس نے کہاکہ اب میرے لیے ٹسٹ کرکٹ کھیلنے کا وقت آئے گا اور میں اس کیلئے سب کچھ دوں گا۔ اس کے ساتھ ساتھ میں ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کیلئے بھی پوری طرح تیار رہوں گا۔
حال ہی میں بین اسٹوکس ہندوستان کے خلاف ونڈے سیریز میں زیادہ کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر پائے تھے۔ اسٹوکس بلے اور گیند دونوں سے فلاپ رہے۔ انہوں نے 3 میچوں میں 16 کی سادہ اوسط سے بلے سے صرف 48 رنز بنائے۔ اس کے ساتھ ہی وہ پوری سیریز میں ایک بھی وکٹ حاصل نہیں کر پائے۔
اسٹوکس اب تک 104 ونڈے میچ کھیل چکے ہیں۔ 31 سالہ اسٹوکس 2019 کے ونڈے ورلڈکپ فائنل میں مین آف دی میچ رہے۔ یہ میچ لارڈز میں کھیلا گیا تھا اور یہ پہلا موقع تھا جب انگلینڈ نے ونڈے ورلڈکپ جیتا تھا۔
انہوں نے فائنل میں 84 رنز بنائے۔ اسٹوکس نے 2011 میں اپنا پہلا ونڈے آئرلینڈ کے خلاف کھیلاتھا۔ اسٹوکس نے 2919 رنز بنائے ہیں اور ان کے نام 74 وکٹیں ہیں۔ بین اسٹوکس نے اپنی کپتانی میں پاکستان کو ونڈے سیریز میں 3-0 سے شکست دی تھی۔