این ٹی آر کی صدسالہ جینتی۔ چرنجیوی، پون کلیان اور وینکیا نائیڈو کا خراج

میگا اسٹار کے چرنجیوی نے اتوار کے روز کہا کہ عظیم اداکار اور آندھرا پردیش کے سابق چیف منسٹر این ٹی راما راؤ، ہمیشہ عوام کے دلوں میں زندہ رہیں گے۔ این ٹی آر کی صدسالہ جینتی کے موقع پر چرنجیوی نے افسانوی اداکار کو بھر پور خراج پیش کیا۔

حیدرآباد: میگا اسٹار کے چرنجیوی نے اتوار کے روز کہا کہ عظیم اداکار اور آندھرا پردیش کے سابق چیف منسٹر این ٹی راما راؤ، ہمیشہ عوام کے دلوں میں زندہ رہیں گے۔ این ٹی آر کی صدسالہ جینتی کے موقع پر چرنجیوی نے افسانوی اداکار کو بھر پور خراج پیش کیا۔

میگا اسٹار نے ٹوئٹر کا سہارا لیتے ہوئے این ٹی راما راؤ کی خدمات کو یاد کیا جنہوں نے1982 میں تلگو عوام کی عزت نفس کے نعرہ کے ساتھ تلگودیشم پارٹی کی داغ بیل ڈالی تھی۔ این ٹی آر کے بارے میں تحریر کرتے ہوئے چرنجیوی نے مشاہدہ کیا کہ این ٹی آر کروڑوں میں ایک ہیں۔

وہ 100 سال نہیں بلکہ ہمیشہ عوام کے دلوں میں زندہ رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ، این ٹی آر کے ساتھ وابستگی کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ آنجہانی اداکار نے تلگوعوام کوعزت واحترام عطا کیا۔ اس دوران اداکار۔ سیاست داں پون کلیان نے اتوار کے روز کہا کہ افسانوی اداکار و آندھرا پردیش (متحدہ) کے سابق چیف منسٹر ننداموری تارک راما راؤ، فخر تلگو کی علامت ہیں اور انہوں نے دہلی میں تلگو کی طاقت کا مظاہرہ کیا تھا۔

جنا سینا پارٹی (جے ایس پی) کے لیڈر نے این ٹی آر کو ان کی صدسالہ یوم پیدائش تقاریب پر بھر پور گلہائے خراج پیش کیا۔ پون کلیان نے یاد کیا کہ ایک وقت تھا جب دہلی میں تلگو عوام کی شناخت کم ہورہی تھی تب این ٹی آر، تلگو عوام کی عزت نفس کے نعرہ کے ساتھ سیاست میں داخل ہوئے اور الیکشن میں تاریخی کامیابی درج کراتے ہوئے قومی دارالحکومت میں تلگو طاقت کا عظم الشان مظاہرہ کیا۔

جے ایس پی قائدنے کہا کہ این ٹی آر صرف ایک لیجنڈری اداکار ہی نہیں تھے، بلکہ پارٹی کے قیام کے 8ماہ کے مختصر عرصہ کے بعد انہوں نے الیکشن میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے اقتدار پر قبضہ کرلیاتھا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی متعارف کردہ 2روپے فی کیلو چاول اسکیم کئی افراد کیلئے فائدہ مند ثابت ہوئی۔

تلگوعوام کیلئے فخر کی بات یہ ہے کہ این ٹی آر نے سنیما کے ساتھ سیاسی میدان میں اپنی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ سابق نائب صدر جمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو نے بھی این ٹی راما راؤ کو ان کی صدسالہ جینتی پر خراج پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ وہ یادگار افسانوی اداکار اور عوامی قائد سابق چیف منسٹر متحدہ ریاست آندھرا پردیش این ٹی راما راؤ کو ان کی صدسالہ یوم پیدائش کے موقع پر وہ بھر پور خراج پیش کرتے ہیں ٹوئٹ کرتے ہوئے نائیڈو نے کہا کہ این ٹی آر ا یک کامیاب اداکار تھے۔ فلموں میں انہوں نے لارڈ رام، لارڈ کرشنا اور کرنا کے جو رول ادا کئے تھے، انہیں بھلا یا نہیں جاسکتا۔