بچوں کو ساتھ رکھنے کی اجازت نہ دینے پر بسمہ معروف ایشین گیمز سے دستبردار
پاکستان کرکٹ بورڈ نے چین میں ہونے والے ایشین گیمز 2023 کیلئے خواتین کرکٹ ٹیم کا اعلان کردیا ہے۔ 15 رکنی ٹیم کی کمان ندا ڈار کو سونپ دی گئی ہے۔

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے چین میں ہونے والے ایشین گیمز 2023 کیلئے خواتین کرکٹ ٹیم کا اعلان کردیا ہے۔ 15 رکنی ٹیم کی کمان ندا ڈار کو سونپ دی گئی ہے۔
اس کے علاوہ تجربہ کار بولر ڈیانا بیگ انگلی کی چوٹ سے صحت یاب ہوکر ٹیم میں واپس آگئی ہیں۔ آئی سی سی انڈر 19 ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے والی انوشہ ناصر اور شوال ذوالفقار کو پہلی بار پاکستانی ٹیم میں موقع دیاگیا ہے۔
بیاٹ اور گیند دونوں سے میچ کا رخ موڑنے کی صلاحیت رکھنے والی ندا ڈار کو ٹیم کی باگ ڈور سونپی گئی ہے۔ ڈیانا کی واپسی سے پاکستان کی ٹیم کافی متوازن نظر آرہی ہے۔
انوشہ ناصر اور شوال ذوالفقار کو آئی سی سی انڈر 19 ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ اور ایمرجنگ ایشیا کپ میں شاندار کارکردگی کا صلہ ملا ہے۔ جہاں انوشا نے اپنی اسپن بولنگ سے ٹورنامنٹ کو چمکایا، وہیں شوال ایک طاقتور بلے باز ہے۔ یہ دونوں نوجوان کھلاڑیوں کیلئے بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کا سنہری موقع ہوگا۔
ایشین گیمز میں پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کارکردگی شاندار رہی ہے۔ گزشتہ دو ایڈیشنز میں ٹیم نے گولڈ میڈل پر قبضہ کیاہے۔ ایسے میں اس بار چینی سرزمین پر ٹیم گولڈ میڈل کی ہیٹ ٹرک کرنے کے ارادہ سے میدان میں اترے گی۔ رینکنگ کی بنیاد پر پاکستان ٹیم براہ راست کوارٹر فائنل کھیلے گی۔
اس دوران ایشین گیمز میں بچوں کو ساتھ رکھنے کی اجازت نہ ملنے پر پاکستان کی سابق کپتان بسمہ معروف ایونٹ سے دستبردار ہوگئیں۔ ماضی میں کئی ٹورنامنٹس میں بسمہ معروف اپنی بیٹی کے ساتھ نظر آتی رہی ہیں۔ ایشین گیمز سے قبل پاکستان ویمن ٹیم جنوبی افریقہ کے خلاف یکم سے 14 ستمبر تک سیریز کھیلے گی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا کہناہے کہ بسمہ معروف ایشین گیمز کے قواعد کے تحت اپنے بچوں کو کھلاڑیوں کے ساتھ رکھنے کی اجازت نہ ہونے کی وجہ سے اسکواڈ میں شامل نہیں ہیں۔ پی سی بی نے ایک بیان میں کہاہے کہ بورڈ نے نوجوان کھلاڑی عائشہ نسیم کے ریٹائرمنٹ کے فیصلے کو منظور کرلیا گیاہے۔
ایشین گیمز 2023 کیلئے پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم اس طرح ہے۔ ندا ڈار (کپتان)، عالیہ ریاض، انوشہ ناصر، ڈیانا بیگ، فاطمہ ثناء، منیبہ علی، ناجیہ علوی، نشرہ سندھو، نتالیہ پرویز، عمائمہ سہیل، صدف شمس، شوال ذوالفقار، سدرہ امین، شاہین، سیدہ ثناء۔