تامل ناڈو میں ’کیرالا اسٹوری‘ کی ریلیز، سخت سیکیوریٹی انتظامات
تامل ناڈو مسلم منّیترا کزھاگم نے کوئمبتور میں متنازعہ فلم ’کیرالا اسٹوری‘ کیخلاف نعرے لگائے۔ احتجاجیوں نے ایک مال کے سامنے جہاں اس فلم کی اسکریننگ کی گئی تھی‘ بیریکیڈس کو پھلانگنے کی کوشش کی۔
حیدرآباد: تامل ناڈو مسلم منّیترا کزھاگم نے کوئمبتور میں متنازعہ فلم ’کیرالا اسٹوری‘ کیخلاف نعرے لگائے۔ احتجاجیوں نے ایک مال کے سامنے جہاں اس فلم کی اسکریننگ کی گئی تھی‘ بیریکیڈس کو پھلانگنے کی کوشش کی۔
مالس کا ایک منتخب گروپ ہی اس فلم کی اسکریننگ کررہا ہے اور انہیں اضافی سیکیوریٹی فراہم کی گئی ہے۔ کوئمبتور میں جو فرقہ وارانہ اعتبار سے ایک حساس ضلع ہے‘ چند مقامات جیسے فن ری پبلک مال‘ بروک فیلڈ مال اور پروزون مال میں ہی فلم کی اسکریننگ کی جارہی ہے۔
ڈپٹی کمشنر آف پولیس جی سندھیش نے کہا کہ حساس علاقوں اور قریبی مالس کے اطراف تقریباً 1,000 پولیس جوانوں کو تعینات کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا ”کوئمبتور شہر میں تین مالس میں فلم ریلیز کی جارہی ہے۔
ہمیں انٹلی جنس سے اطلاعات ملی ہیں اور حکومت سے یہ ہدایات ملی ہیں کہ فلم کی ریلیز پر کوئی مسئلہ پیدا نہ ہو۔
شہر کے اطراف اہم مقامات جیسے ایرپورٹ‘ بس اسٹانڈس‘ ریلوئے اسٹیشن‘ جنکشنس اور تین بڑے مالس پر تقریباً 1,000 پولیس جوانوں کو تعینات کیا گیا ہے۔ ہمیں اعتماد ہے کہ ہم اس صورت حال کو بہتر انداز میں نمٹ لیں گے۔“