دہلی

راجناتھ سنگھ اور جئے شنکر 2+2 میٹنگ کیلئے جاپان جائیں گے

ہندوستان اور جاپان کے درمیان اسٹریٹجک اور عالمی شراکت داری جمہوریت، آزادی اور قانون کے احترام کی مشترکہ اقدار پر مبنی ہے۔ دورے کے دوران دونوں فریق اس شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے لیے نئے اقدامات پر تبادلہ خیال کریں گے۔

نئی دہلی: وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اور وزیر خارجہ ایس جے شنکر ہندوستان اور جاپان کے درمیان خارجہ امور اور دفاع کے وزراء کی 2+2 میٹنگ میں شرکت کے لئے چہارشنبہ کو جاپان کے چار روزہ دورے پر رہیں گے۔

وزارت خارجہ نے آج یہاں یہ اطلاع دی۔ 7 سے 10 ستمبر تک کے دورے کے دوران راجناتھ سنگھ اور ڈاکٹر جے شنکر جاپان کے وزیر دفاع یاسوکازو ہماڈا اور وزیر خارجہ یوشیماسا ہائشی کے ساتھ دونوں ممالک کے درمیان ٹو پلس ٹو میٹنگ میں اسٹریٹجک مذاکرات کریں گے۔

 دونوں ممالک کے درمیان یہ دوسری اور فومیو کشیدا کے وزیر اعظم بننے کے بعد پہلی ٹو پلس ٹو میٹنگ ہے۔ واضح ر ہے کہ پہلی میٹنگ 30 نومبر 2019 کو ہوئی تھی جس میں وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اور وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے ہندوستانی وفد کی قیادت کی تھی جبکہ جاپانی وفد کی قیادت اس وقت کے وزیر خارجہ توشی متشو موتیگی اور وزیر دفاع تارو کونو نے کی تھی۔

ہندوستان اور جاپان کے درمیان اسٹریٹجک اور عالمی شراکت داری جمہوریت، آزادی اور قانون کے احترام کی مشترکہ اقدار پر مبنی ہے۔ دورے کے دوران دونوں فریق اس شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے لیے نئے اقدامات پر تبادلہ خیال کریں گے۔

ہندوستان اور جاپان کے درمیان ٹو پلس ٹو میٹنگ ایک ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب تائیوان پر چین کی جارحیت اور امریکہ کے جوابی اقدامات سے ہندوستانی بحرالکاہل کے علاقے میں جغرافیائی سیاسی ماحول گرم ہے۔

ذرائع کے مطابق جاپان کے آنجہانی سابق وزیر اعظم اور ہند-جاپان تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جانے والےشنزو آبے کی آخری رسومات کے موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی کے دورہ جاپان کے بارے میں بھی بات چیت ہو سکتی ہے۔ جاپانی میڈیا میں خبر شائع ہوئی ہے کہمودی آنجہانی لیڈر کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے آئیں گے، حالانکہ سرکاری طور پر اس بارے میں کچھ نہیں کہا گیا ہے۔