حیدرآباد

سونیا گاندھی کی تائید میں تلنگانہ کانگریس کی بھاری ریالی

پارٹی کی مرکزی قیادت کی اپیل پر تلنگانہ پردیش کانگریس نے اس ریالی کا اہتمام کیا۔ اے ریونت ریڈی نے کہا کہ سونیا گاندھی کے سامنے بی جے پی کی انتقامی سیاست نہیں چل پائے گی۔

حیدرآباد: نیشنل ہیرالڈکیس میں انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ (ای ڈی) کی جانب سے صدر اے آئی سی سی سونیا گاندھی سے پوچھا تھا کرنے کے خلاف جمعرات کے روز پردیش کانگریس نے شہر حیدرآباد میں ایک بھاری ریالی نکالی نیکلس روڈ چوراہا پر واقع اندرا گاندھی کے مجسمہ سے ای ڈی کے علاقائی دفتر بشیر باغ تک نکالی گئی احتجاجی ریالی کی قیادت صدر پردیش کانگریس اے ریونت ریڈی ایم پی نے کی۔

پارٹی قائدین اور ورکرس نے ای ڈی دفتر کے سامنے بیٹھ گئے اور پارٹی رہنما سونیا گاندھی کو ای ڈی دفتر طلب کرنے ا ور ان سے پوچھ گچھ کرنے پر مذمت کی اور ای ڈی کے اس اقدام کے خلاف دھرنا دیا۔نریندر مودی کی حکومت، سونیا گاندھی کے خلاف فرضی کیس میں پھانس رہی ہے۔ پارٹی قائدین اور کارکنوں نے کہا کہ دہلی کے ای ڈی دفتر سے جب تک سونیا باہر نہیں آئیں تب تک یہاں کانگریس کارکنوں کا احتجاج جاری رہے گا۔

ریالی اور دھرنا کی وجہ سے قلب شہر میں واقع حسین ساگر کے اطراف اور بشیر باغ میں ای ڈی دفتر کی بڑی سڑکوں پر ٹرافک میں شدید خلل پڑا۔ اس ریالی میں کارکنوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔ ریالی میں شریک ورکرس اپنے ہاتھوں پارٹی پرچم اور پلے کارڈز تھامے ہوئے تھے اور وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف نعرے لگا رہے تھے ان میں چند افراد سیاہ پرچم اور سیاہ غبارے اٹھائے ہوئے تھے۔

 سابق ایم پی انجن کمار یادو نے آدرش نگر سے ای ڈی دفتر تک ریالی کی قیادت کی ڈرمس (باجہ) بجانے کے درمیان شرکائے ریالی کو ایک بڑا بیانر تھامے ہوئے دیکھا گیا جس پر ”ای ڈی فارمودی۔ ”بی جے پی ہٹاؤ دیش بچاؤ“ کے نعرے تحریر تھے۔

کانگریس قائدین نے پارٹی کے سرکردہ قائدین سونیا اور راہول گاندھی کے خلاف وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکز وزیر داخلہ امیت شاہ کی سیاسی انتقام کی مذمت کی۔ تلنگانہ کانگریس نے گذشتہ ماہ بھی اس وقت اس طرح کا احتجاج منظم کیا تھا جب ای ڈی نے دہلی میں راہول گاندھی کو مسلسل 5دنوں تک طلب کیا تھا۔

پارٹی کی مرکزی قیادت کی اپیل پر تلنگانہ پردیش کانگریس نے اس ریالی کا اہتمام کیا۔ اے ریونت ریڈی نے کہا کہ سونیا گاندھی کے سامنے بی جے پی کی انتقامی سیاست نہیں چل پائے گی۔ ای ڈی کے بیجا استعمال کو ہم برداشت نہیں کریں گے۔ حصول انصاف تک ہماری لڑائی جاری رہے گی۔

 اس ریالی میں مدھو گوڑیاشکی، ایم ششی دھر ریڈی، پونالہ لکشمیا، ٹی جیون ریڈی، ملوروی اور پارٹی کے دیگر قائدین شریک تھے۔ سابق صدر پردیش کانگریس پونالہ لکشمیا نے کہا کہ ملک کے خاطر، جانوں، مال اور عہدوں کی قربانی دینے والے خاندان کو نریندر مودی کی حکومت نشانہ بنا رہی ہے۔

 جیون ریڈی نے کہا کہ رقمی منتقلی نہیں ہوئی ہے اور منی لانڈرنگ کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا تاہم مرکزی حکومت، گاندھی خاندان کو نشانہ بنانے کیلئے سنٹرل ایجنسی کا بیجا استعمال کررہی ہے۔