قتل کا منصوبہ ناکام، سازش میں ملوث ملزمین گرفتار
الاپتھر پولیس نے ایک روڈی شیٹر کے قتل کی سازش کو ناکام بنا دیا اور سازش میں ملوث افراد کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے دیسی ساختہ طفنچہ، 3 راؤنڈس، 2 چاقو اور 2 سیل فونس ضبط کرلئے۔

حیدرآباد: کالاپتھر پولیس نے ایک روڈی شیٹر کے قتل کی سازش کو ناکام بنا دیا اور سازش میں ملوث افراد کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے دیسی ساختہ طفنچہ، 3 راؤنڈس، 2 چاقو اور 2 سیل فونس ضبط کرلئے۔
پولیس پریس نوٹ کے بموجب نظام آباد کا 30 سالہ محمد اسد جو کچھ عرصہ پہلے کالاپتھر منتقل ہوگیا اور وہ بریانی شاہ کی ٹیکری میں قیام پذیر ہوگیا۔ وہ پیشہ سے ویڈیو گرافر بتایا جاتا ہے۔
ملزم اسد کالا پتھر پولیس اسٹیشن کے حدود میں جرائم کے واقعات میں ملوث بتایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ نظام آباد میں 2 کیسس اور بنڈلہ گوڑہ پولیس اسٹیشن کے حدود میں ایک کیس میں ملوث بتایا جاتا ہے۔
دوسرا ملزم 22 سالہ محمد حسین عرف اشو بتایا جاتا ہے۔ تیسری ملزمہ نظام آباد کی 40 سالہ بی انارکلی بتائی جاتی ہے۔ ان کا ساتھی بی جلفی سنگھ عرف سورج سنگھ عرف شنکر سنگھ عرف دولت سنگھ مفرور بتایا گیا ہے۔
ملزم اسد روڈی شیٹر کالاپتھر محمد اشفاق سے دشمنی کی وجہ سے اسے قتل کرنے کا منصوبہ بنایا تھا اور اشفاق کو قتل کرنے کی سازش کرتے ہوئے وہ ہتھیار جمع کیا تھا۔ کالا پتھر پولیس نے واردات انجام دینے سے پہلے ہی مذکورہ ملزمین کی سازش کو ناکام بنا دیا۔ یہ پولیس کی بہتر کارکردگی کا نتیجہ ہے۔
ایک سال پہلے بھی فلک نما انسپکٹر رگھویندرا نے اسی طرح کی ایک قتل کی سازش کو ناکام بنا دیا تھا اور ملزم کو جیل بھیج دیا تھا۔
انچارج انسپکٹر این سری شالم کی نگرانی میں سب انسپکٹران کماری پی مونیکا، ڈی سرینواسلو اور سب انسپکٹر شیخ سلیم اور ان کے اسٹاف نے اس قتل کی سازش کو ناکام بنانے میں اہم رول ادا کیا۔