قرآن والے موبائل لے کر بیت الخلاء جانا
اگر موبائل کی اسکرین پر قرآن مجید کھلا ہوا ہوتو اس حالت میں اسے بیت الخلاء میں لے جانا جائز نہیں ہے؛
سوال:- میں نے اپنے موبائل میں قرآن مجید محفوظ کر رکھا ہے ، اس سے تلاوت میں آسانی ہوتی ہے ، کہیں بھی آتے جاتے قرآن مجید کی تلاوت کی جاسکتی ہے ؛
لیکن ذہن میں اس بات کی خلش ہے کہ موبائل لے کر بعض دفعہ بیت الخلاء میں بھی جانا پڑتا ہے تو جس موبائل میں قرآن مجید موجود ہو کیا اسے لے کر بیت الخلاء میں جایا جاسکتا ہے ۔ ( کفیل احمد ، چادر گھاٹ)
جواب :- اگر موبائل کی اسکرین پر قرآن مجید کھلا ہوا ہوتو اس حالت میں اسے بیت الخلاء میں لے جانا جائز نہیں ہے؛
لیکن اگر قرآن اندر موجود ہو ؛مگر اسکرین پر موجود نہ ہو تو موبائل کے ڈھانچہ کی حیثیت ایسی شئے کی ہوگی ،جس کے اندر قرآن مجید کو چھپا کر رکھا گیا ہے؛
لہٰذا اس صورت میں موبائل لے کر بیت الخلاء میں جانا جائز ہے :
’’ فلونقش اسمہ تعالٰی أو اسم نبیہ صلی اﷲ علیہ وسلم استحب أن یجعل الفص فی کمہ إذا دخل الخلاء‘‘ ۔ ( ردالمحتار : ۹؍۵۱۹)