بھارت

نائب صدر جمہوریہ وینکیا نائیڈو نے راجیہ سبھا کو خیرباد کہا

وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ ایم وینکیا نائیڈو کے شاطرانہ یک سطری جملوں کا ہمیشہ احترام کیا گیا اور کبھی اس کے خلاف اظہارِ خیال نہیں کیا گیا۔

نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ ایم وینکیا نائیڈو کے شاطرانہ یک سطری جملوں کا ہمیشہ احترام کیا گیا اور کبھی اس کے خلاف اظہارِ خیال نہیں کیا گیا۔

انہوں نے نائب صدر جمہوریہ و صدرنشین راجیہ سبھا کی پانچ سالہ میعاد کو انتہائی نتیجہ خیز قرار دیتے ہوئے ستائش کی۔

عہدہ سے ہٹنے سے دو دن پہلے وینکیا نائیڈو نے آج راجیہ سبھا کو خیرباد کہا اور مودی نے ایوان کی قیادت کرتے ہوئے ان کی میعاد کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ اس دوران ایوان کے اجلاس نتیجہ خیز رہے اور ارکان کی حاضری میں بھی اضافہ ہوا۔

مودی نے اپنی تقریر میں کہا کہ آپ کے ایک سطری شاطرانہ جملے خوبیوں کا اظہار کرتے تھے۔ آپ کے ہر لفظ کو سنا گیا اور ان کا احترام کیا گیا اور کبھی بھی مخالفت نہیں کی گئی۔ مودی نے کہا کہ پانچ سالہ میعاد کے دوران نائیڈو نے ایوان کی کارکردگی کے معیار میں اضافہ کیا ہے۔

ان کی قیادت میں ایوان میں ڈسپلن اور کارکردگی نئی بلندیوں کو پہنچی۔ اس دوران راجیہ سبھا کی کارکردگی میں 70 فیصد اضافہ ہوا اور ارکان کی حاضری میں بھی اضافہ ہوا۔ ان پانچ سالوں کے دوران ریکارڈ 177 بلوں کو منظوری دی گئی۔

نائیڈو کی پانچ سالہ میعاد کا اختتام 10 اگست کو ہوگا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ نائیڈو کی ہر بات میں گہرائی اور گیرائی پائی جاتی تھی اور اس میں گرمجوشی کے ساتھ ذہانت کا عنصر شامل تھا۔

مودی نے مزید کہا کہ نائیڈو کے تجربہ اور رہنمائی سے ارکانِ پارلیمنٹ کو فائدہ پہنچتا رہا، جب کہ کبھی وہ ڈانٹ ڈپٹ سے بھی کام لیتے تھے، لیکن کسی نے بھی ناراضگی ظاہر نہیں کی۔

a3w
a3w