کھیل

ویراٹ سے متعلق کپل کے تبصرہ پر عثمان خواجہ کا طنز

سابق ہندوستانی کپتان کپل دیو نے ویراٹ کی فارم پر تبصرہ کیا تھا کہ جو کھلاڑی فارم میں ہے اسے ٹیم میں موقع ملنا چاہیے، اگر ویراٹ فارم میں نہیں ہیں تو انہیں ٹیم سے باہر ہونا چاہیے۔

کولمبو۔: ویراٹ کوہلی تقریباً 3 سال سے اپنی خراب فارم سے لڑ رہے ہیں اور انہیں اپنے بیاٹ سے سنچری بنائے تقریباً 3 سال ہوچکے ہیں، انہوں نے 22 نومبر 2019 کو بنگلہ دیش کے خلاف ٹسٹ میچ میں سنچری بنائی تھی۔

اس کے بعد وہ بین الاقوامی کرکٹ میں سنچری بنانے میں کامیاب نہیں ہوسکے اور حال ہی میں کئی سیریز میں فلاپ ثابت ہوئے ہیں۔

سابق ہندوستانی کپتان کپل دیو نے ویراٹ کی فارم پر تبصرہ کیا تھا کہ جو کھلاڑی فارم میں ہے اسے ٹیم میں موقع ملنا چاہیے، اگر ویراٹ فارم میں نہیں ہیں تو انہیں ٹیم سے باہر ہونا چاہیے۔

ویراٹ کے حوالے سے کپل دیو کا یہ تبصرہ آئی سی سی نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کیا اور اس پر آسٹریلوی کرکٹر عثمان خواجہ نے خوب مزہ لیا۔ آسٹریلوی کرکٹر نے کپل دیو کے اس تبصرہ پر طنز کرتے ہوئے انسٹاگرام پر ایک مضحکہ خیز تبصرہ کیاہے۔

کپل نے جب آئی سی سی کی اس پوسٹ کو شیئر کیا تو عثمان خواجہ کے تبصرے نے کافی سرخیاں لگائیں۔ انہوں نے انسٹاگرام پر ویراٹ کوہلی کے بارے میں تبصرہ کیاکہ 140 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ 50 کی اوسط کے ساتھ اچھی کال آسٹریلیا بھی راضی ہے۔

اس کے ساتھ عثمان خواجہ نے اپنے کمنٹ میں 3 مضحکہ خیز ایموجیز بھی استعمال کیے۔ واضح رہے کہ آئی سی سی کی جانب سے شیئر کیے گئے کپل دیو کے تبصرے میں وہ یہ کہتے ہوئے نظر آرہے ہیں کہ جب آپ کے پاس بہت سے آپشن ہوں تو کھلاڑیوں کو کھلانا چاہیے۔

آپ صرف نام سے نہیں جاسکتے۔ آپ کو موجودہ فارم کو بھی دیکھنا ہوگا، آپ بڑے کھلاڑی بن سکتے ہیں لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ آپ لگاتار پانچ میچوں میں ناکام رہیں اور پھر بھی آپ کو ٹیم میں موقع دیا جائے۔

کپل دیو کے اس تبصرے پر آسٹریلوی کھلاڑی عثمان خواجہ نے انسٹاگرام پر مضحکہ خیز تبصرہ کرکے سرخیوں میں آگئے ہیں۔ حال ہی میں انگلینڈ کے خلاف ٹی20 سیریز میں ویراٹ دوسرے میچ میں صرف 11 اور تیسرے میچ میں 1 رن ہی بناپائے تھے۔

جس کی وجہ سے سابق کرکٹرز اور دیگر کھلاڑیوں نے کوہلی کے بارے میں تشویش کا اظہار کیاہے اور ان کا متبادل تلاش کرنے کی بات کرتے نظر آرہے ہیں۔