پی ایف آئی کا مفرور اسٹوڈنٹ ونگ لیڈر بنگلورو سے گرفتار
آسام پولیس نے ممنوعہ تنظیم پاپولر فرنٹ آف انڈیا (پی ایف آئی) کی طلبہ شاخ کے ایک مفرور لیڈر کو بنگلورو سے گرفتار کرلیا ہے۔
گوہاٹی: آسام پولیس نے ممنوعہ تنظیم پاپولر فرنٹ آف انڈیا (پی ایف آئی) کی طلبہ شاخ کے ایک مفرور لیڈر کو بنگلورو سے گرفتار کرلیا ہے۔
آسام پولیس نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ کیمپس فرنٹ آف انڈیا (سی ایف آئی) کا لیڈر امیر حمزا کو بنگلورو کے بیلندر علاقہ میں ڈی ایس پی رینک کے ایک پولیس عہدیدار کی زیر قیادت آسام پولیس کی ٹیم نے روک لیا۔
امیر حمزا وہاں تریپورہ کے چند خاندانوں کے ساتھ روپوش تھا۔ آسام پولیس نے اس کا پتہ چلایا اور بنگلورو پولیس کی مدد سے اسے گرفتار کرلیا۔
بنگلورو کے ایڈیشنل چیف میٹروپولیٹن مجسٹریٹ نے تین دن کا ٹرانزٹ ریمانڈ دیا ہے۔ گرفتار لیڈر کو گوہاٹی میں چیف جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
27 سالہ حمزا کا تعلق آسام کے ضلع بکسا سے ہے۔ واضح رہے کہ اب تک پی ایف آئی کے کم ازکم 40 کارکنوں کو ریاست کے مختلف مقامات سے گرفتار کیا جاچکا ہے۔