جموں و کشمیر

کشمیر میں پاکستانی قیدی کی موت

پاکستان نے کشمیر میں ایک پاکستانی قیدی کی موت پر ہندوستانی ناظم الامور کو طلب کرکے سخت احتجاج درج کرایا۔

اسلام آباد: پاکستان نے کشمیر میں ایک پاکستانی قیدی کی موت پر ہندوستانی ناظم الامور کو طلب کرکے سخت احتجاج درج کرایا۔

اس نے پاکستانی قیدی کی موت کو فیک انکاؤنٹر (فرضی مڈبھیڑ) قراردیا۔ دفتر خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ ہندوستانی ناظم الامور کو جمعہ کے دن وزارت ِ خارجہ اسلام آباد میں طلب کیا گیا۔

ہندوستانی فورسس کے فیک انکاؤنٹر میں پاکستانی قیدی محمد علی حسین کی ہلاکت کے خلاف سخت احتجاج درج کرایا گیا۔ وہ کشمیر کی کوٹ بلول جیل میں 2006 سے قید تھا۔

دفتر خارجہ نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ حسین کی موت سفاکانہ قتل کے سوا کچھ نہیں۔ پاکستان نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ حکومت ِ ہند اس واقعہ کی پوری تفصیلات معہ پوسٹ مارٹم رپورٹ فراہم کرے۔

صاف و شفاف تحقیقات کرے تاکہ پاکستانی قیدی کی موت کے ذمہ دار کیفر کردار تک پہنچیں۔ حکومت ِ ہند سے گزارش کی گئی کہ وہ پاکستانی قیدی کی نعش جلد سے جلد پاکستان کے حوالہ کرے کیونکہ اس کے اہل ِ خانہ پاکستان میں اس کی تدفین چاہتے ہیں۔