کولکتہ کے میوزیم میں سی آئی ایس ایف جوان کی فائرنگ، ساتھی ہلاک
کولکتہ کی مصروف ترین پارک اسٹریٹ میں واقع انڈین میوزیم میں تعینات سی آئی ایس ایف کے ایک جوان نے آج اپنی Ak-47 رائفل سے اندھادھند فائرنگ کردی۔
کولکتہ: کولکتہ کی مصروف ترین پارک اسٹریٹ میں واقع انڈین میوزیم میں تعینات سی آئی ایس ایف کے ایک جوان نے آج اپنی Ak-47 رائفل سے اندھادھند فائرنگ کردی۔
جس کے نتیجہ میں اس کا ایک ساتھی ہلاک ہوگیا جبکہ دوسرا شدید زخمی ہوگیا۔ پولیس نے یہ بات بتائی۔ اس واقعہ کے بعد فائرنگ کرنے والا جوان اپنے ہتھیار کے ساتھ میوزیم کے اندر چھپ گیا۔
کولکتہ پولیس کے کمانڈوز اور دیگر سی آئی ایس ایف عہدیداروں نے میوزیم کو گھیرلیا اور میکروفونس کا استعمال کرتے ہوئے قاتل جوان کو ہتھیار ڈال دینے کی ہدایت دی۔
علحدہ اطلاع کے بموجب سی آئی ایس ایف جوان نے میوزیم سے متصل اپنے بیرک کے اندر فائرنگ کی۔ اس نے پولیس کار کو نشانہ بنایا جس کے نتیجہ میں کئی پولیس ملازمین اور گاڑی کا ڈرائیور زخمی ہوگئے۔
پولیس نے کانسٹیبل کو غیر مسلح کردیا اور گرفتار کیا۔ پولیس کمشنر ونیت گوئل نے بتایا کہ تقریباً 15 راؤنڈفائرنگ کی گئی۔ سی آئی ایس ایف نے دسمبر 2019 میں میوزیم کی سیکوریٹی سنبھالی تھی۔