شمالی بھارت

گیان واپی کیس‘ مسلم فریق کی درخواست مسترد

وارانسی کی ایک عدالت نے آج مسلم فریق کی اس درخواست کو مسترد کردیا کہ گیان واپی شرنگار گوری تنازعہ کیس کی مزید سماعت سے قبل اسے 8ہفتوں کی مہلت دی جائے۔

وارانسی(اترپردیش): وارانسی کی ایک عدالت نے آج مسلم فریق کی اس درخواست کو مسترد کردیا کہ گیان واپی شرنگار گوری تنازعہ کیس کی مزید سماعت سے قبل اسے 8ہفتوں کی مہلت دی جائے۔

اس معاملہ کی مزید سماعت 29 ستمبر کو مقرر کی گئی ہے۔ عدالت نے مسلم فریق کو ایک نوٹس بھی جاری کی کہ وہ 29 ستمبر تک ہندو فریق کی درخواست پراپنے اعتراضات داخل کرے جس میں شیولنگ کی کاربن ڈیٹنگ کی گزارش کی گئی ہے۔

ایڈوکیٹ وشنو شنکر جن نے جو ہندو فریق کی نمائندگی کررہے تھے‘ کہا کہ وہ لوگ شیولنگ کی کاربن ڈیٹنگ کے مطالبہ پر مشتمل درخواست داخل کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم فریق کا کہنا ہے کہ یہ فوارہ ہے جبکہ ہم کہتے ہیں کہ یہ شیولنگ ہے اسی لئے ایک آزادانہ ادارہ کو تحقیقات کرتے ہوئے ان کا تعین کرنا چاہئے۔

ہم نے کاربن ڈیٹنگ کا مطالبہ کیا ہے اور ہماری درخواست پر عدالت نے نوٹس جاری کردی ہے اور مسلم فریق کو اعتراض داخل کرنے کے لئے کہا ہے۔

عدالت نے آئندہ سماعت کی تیاری کیلئے مسجد کمیٹی کی جانب سے طلب کی گئی 8ہفتوں کی مہلت سے انکار کردیا ہے۔ عدالت نے ہندو فریق کے 16 درخواست گزاروں کو جو مقدمہ کے فریق بننا چاہتے تھے‘ خارج کرنے پر بھی اعتراض کیا ہے۔