صحت

ہلکی پھلکی ورزش کے بعد کھائے جانے والے اسنیکس

ورک آؤٹ سے پہلے تھوڑا بہت کھانا پینا آپ کیلئے بہت ضروری ہے، خاص طور پر اس صورت میں جبکہ آپ نے نئی نئی ورزش شروع کی ہو۔ اس لئے ورک آؤٹ سے پندرہ بیس منٹ پہلے ایسی کوئی چیز کھائیں جو کمپلیکس کار بس (Complex Carbs) پر مشتمل ہو ، جیسے کہ کیلا اور آلو وغیرہ ۔

اس بات میں کوئی شبہ نہیں کہ کھانا ہمارے لئے ایندھن کا کام دیتا ہے۔ دبلے ہونے کی خاطر ہم کھانے سے دور رہنے کی کتنی ہی کوشش کیوں نہ کریں لیکن کب تک؟ بالآخر بھوک سے مجبور ہوکر باقاعدہ پیٹ بھر کر کھانا ہی پڑتا ہے۔ یوں بھی فاقہ کرنے سے کوئی سلم اور اسمارٹ نہیں بن سکتا۔ سو اگر آپ کسی یوگا کلاس میں شامل ہونے کی ابتداء کریں یا جم ورک آؤٹ شروع تو بہتر نتائج کیلئے بھوکا رہنے کی بجائے موزوں اسنیکس کھانے ضروری ہیں۔خالی معدے کے ساتھ ورزش کرنا صحت کیلئے نقصان دہ ثابت ہوتا ہے کیونکہ جب پیٹ خالی ہوگا تو آپ کو توانائی فراہم کرنے کیلئے آپ کے پھٹوں میں ٹوٹ پھوٹ شروع ہوجائے گی۔

اس لئے ورزش سے پہلے اور بعد میں کوئی نہ کوئی ہلکی پھلکی چیز ضرور کھائیں۔ بیشتر افرادکا خیال ہے کہ بسکٹس کا شمار بے ضرر اور ہلکی پھلکی غذا میں ہوتا ہے۔ یہ درست ہے کہ بسکٹس ہلکے ضرور ہوتے ہیںاو ر بسکٹس کا پیکٹ سہولت کے ساتھ ہر وقت بیاگ میں موجود رہ سکتا ہے،لیکن ان میں موجود شکر صحت کیلئے نقصان دہ ثابت ہوتی ہے جو آپ کے انرجی لیول کو تباہ کردیتی ہے اس بارے میں ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ بسکٹ کھاتے ہی آپ کو فوری توانائی کا احساس تو ہوتا ہے لیکن یہ محض چند منٹوں کا دھوکا ہوتا ہے اور آپ پھر اپنے آپ کو خالی خالی محسوس کرنے لگتی ہیں۔ لہٰذا بہتر یہ ہے کہ ورزش سے پہلے اور بعد میں ایسے اسنیکس کھائیں جن میں کاربوہائیڈریٹس شامل ہوں ۔ یہاں آپ کیلئے کھانے پینے کے سلسلے میں کچھ تجاویز پیش کی جارہی ہیں جن کی مدد سے آپ اپنے ورک آؤٹ سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھا سکتی ہیں۔

ورک آؤٹ سے پہلے تھوڑا بہت کھانا پینا آپ کیلئے بہت ضروری ہے، خاص طور پر اس صورت میں جبکہ آپ نے نئی نئی ورزش شروع کی ہو۔ اس لئے ورک آؤٹ سے پندرہ بیس منٹ پہلے ایسی کوئی چیز کھائیں جو کمپلیکس کار بس (Complex Carbs) پر مشتمل ہو ، جیسے کہ کیلا اور آلو وغیرہ ۔ کمپلیکس کاربس پر مشتمل غذاؤں کی خوبی یہ ہوتی ہے کہ یہ آپ کو دیر تک توانائی بہم پہنچاتی ہیں۔تاہم اگر آپ چاہتی ہیں کہ اسنیکس کی بجائے صرف تین وقت کا باقاعدہ کھانا کھائیں تو بہتر ہوگا کہ ورزش سے کم از کم دو گھنٹے پہلے کھانا کھالیں ۔ لیکن پری ورک آؤٹ اسنیکس کھانے کا مشورہ اس لئے دیا جاتا ہے کہ یہ آپ کو کاربس اور پروٹین کی مشترکہ توانائی فراہم کرتے ہیں۔ اس سے آپ کو تیزی کے ساتھ فیٹ جلانے میںمددملتی ہے اور آپ کے مسلز بھی تیزی کے ساتھ بحال ہوتا شروع ہوجاتے ہیں۔

ورزش سے پہلے کیا کھائیں ؟

اگر آپ ہلکی پھلکی ورزش کرتی ہیں تو آپ کیلئے درج ذیل اسنیکس بہتر ہوں گے۔

انڈے اور ٹوسٹ : ورزش سے پہلے ایک یا دو سخت ابلے ہوئے انڈے اور بغیر چھنے آٹے کی ڈبل روٹی کا ایک سلائس کھالیں۔

دلیہ: ایک عدد گاجر ، ایک عدد پیاز ، تھوڑی سی پھلیاں اور ہری مرچیں کاٹ لیں ۔ ایک پین میں آئل گرم کریں، اس میں کری پتے، مسٹرڈ، ماش کی دال اور چنے کی دال (دو تین گھنٹے بھگودیں) شامل کریں۔ اس کے بعد پیاز شامل کرکے فرائی کریں ۔ اب تمام کٹی ہوئی سبزیاں ملادیں۔ایک کپ جئی(Oats) اور حسب ذائقہ نمک بھی شامل کریں پھر آدھا کپ پانی شامل کرکے ڈھانپ کررکھ دیں۔ کچھ دیر بعد سب چیزیں گل جائیں تو اتارلیں، تاہم کچھ منٹوں سے زیادہ نہ پکائیں۔

اگرآپ درمیانہ قسم کی ورزش کرتی ہیں تو یہ اسینکس آپ کیلئے اچھے رہیں گے۔

جئی اور تازہ پھل : جئی کو پکائیں اور اس میں شہد اور کٹے ہوئے تازہ پھل ملا کر کھائیں۔

آملیٹ : انڈے میں تازہ سبزیاں کاٹ کر ملائیں اور خوب پھولا ہوا آملیٹ بناکر کھائیں۔

اگر آپ سخت ورزش کی عادی ہیں تو آپ کے لئے درج ذیل اسنیکس اچھے ثابت ہوں گے۔

پاستا : گندم سے بنے ہوئے پاستا میں سبزیاں یا چکن ملائیں اور ایک پیالہ بھر کر کھالیں۔

دہی اور پھل : ایک پیالہ بھر کر دہی لیںاور اس میں تازہ کٹے ہوئے پھل اور شہد ملا کر کھائیں ۔ آپ چاہیں تو اس اسنیک کی افادیت بڑھانے کیلئے اس میں پروٹین پاؤڈربھی شامل کرسکتی ہیں ۔

ورزش کے بعد کیا کھائیں؟

ورزش کے بعد چونکہ آپ کے مسلز کھنچاؤکا شکار ہوجاتے ہیں ، اس لئے ماہرین کی رائے کے مطابق ورزش کے بعد ایک گھنٹے کے اندر کچھ نہ کچھ کھانا ضروری ہے۔ اس مقصد کیلئے اچھی کوالٹی کے پروٹین پر مشتمل غذا آپ کیلئے بہترین ہے تاکہ ورزش کے دوران جو توانائی آپ نے خرچ کی، وہ بحال ہوجائے۔ اپنے روزانہ معمول کے مطابق کھائی جانے والی غذا کے علاوہ پھلوں اور سبزیوں کو خوراک میں شامل رکھیں۔

ہلکی پھلکی ورزش کے بعد کھائے جانے والے اسنیکس درج ذیل ہیں

سلاد : موسم کی تازہ سبزیوں ، اولیو آئل ، اور کسی کم چکنائی والی ڈریسنگ سے سلاد بنا کر کھائیں۔ اومیگاتھری ایسڈ کے فوائد حاصل کرنے کیلئے اس سلاد میں سن فلاور کے بیج بھی شامل کرلیں۔

سیب اور مونگ پھلی کا مکھن : ورزش کے ایک گھنٹے بعد ایک سیب کی قاشیں بنائیں اور ان پر ’’پی نٹ بٹر‘‘ یعنی مونگ پھلی کو مکھن لگا کر کھائیں۔

اگر آپ درمیانہ اور معتدل قسم کا ورک آؤٹ کرتی ہیں تو یہ اسنیکس آپ کیلئے مناسب رہیں گے۔

چکن: گرل کئے ہوئے چکن کو مختلف سبزیوں جیسے کہ بروکولی، ٹماٹر اور آلوؤں کے ساتھ کھائیں۔

شکر قندی : شکرقندی اسے بلینڈر میں میش کریں اور اس پر نمک اور کالی مرچ چھڑک کر کھائیں۔

سخت قسم کی ورزش انجام دینے والی خواتین کیلئے درج ذیل اسنیکس موزوں رہتے ہیں۔

مچھلی : اپنی پسند کی کسی بھی اچھی قسم کی مچھلی کو اسٹیم یا گرل کرلیں اور اسے سلاد کے ہمراہ کھائیں۔

جیکٹ پوٹیٹو : اوون کو 120 ڈگری سینٹی گریڈ پر گرم کریں اور اس میں آلوؤں کو بیس منٹ تک بیک کریں۔ اس کے بعد ٹمپریچر کو 190 ڈگری پر لے آئیں اور آلوؤں کو مزید 45 ڈگری تک بیک کریں… کم چکنائی والی کریم اور ہری پیاز کے ساتھ کھائیں۔
٭٭٭