دہلی

آر ایل ڈی اور کسان تنظیموں نے بھارت جوڑو یاترا میں حصہ لیا

راشٹریہ لوک دل (آر ایل ڈی) اور کسان تنظیموں نے کانگریس قائد راہول گاندھی کی تائید کی اور مغربی اترپردیش میں چہارشنبہ کے دن بھارت جوڑو یاترا میں حصہ لیا۔

نئی دہلی: راشٹریہ لوک دل (آر ایل ڈی) اور کسان تنظیموں نے کانگریس قائد راہول گاندھی کی تائید کی اور مغربی اترپردیش میں چہارشنبہ کے دن بھارت جوڑو یاترا میں حصہ لیا۔

متعلقہ خبریں
راہول کی سیکیوریٹی میں چوک 3 پولیس عہدیدار معطل
اگر سب کچھ ٹھیک ہے تو امیت شاہ جموں تا لال چوک یاترا نکالیں: راہول گاندھی
راہول گاندھی کو بلیٹ پروف گاڑی میں خانہ بل گیسٹ ہاؤز لے جایا گیا
جنتادل یو صدر للن سنگھ کا ملیکارجن کھرگے کو مکتوب
بھارت جوڑو یاترا سے بی جے پی کے کئی ارکان پارلیمنٹ پریشان: پون کھیرا

چہارشنبہ کو یوپی میں یاترا کا دوسرا دن تھا۔ یاترا غازی آباد سے ضلع باغپت میں داخل ہوئی، جہاں لوگوں نے اُس کا خیرمقدم کیا۔ اترپردیش کا مغربی علاقہ کسانوں اور فوج میں بھرتی کے لیے تیاری کرنے والے نوجوانوں کا گڑھ ہے۔

نوجوانوں نے یاترا میں حصہ لیا اور فوج کی اگنی ویر بھرتی اسکیم پر راہول گاندھی سے تبادلہ خیال کیا۔ کامیڈین راجیو نگم نے یاترا کے دوران کہا کہ ہر کوئی اپنے طریقہ سے ملک کو متحد کرنے کی کوشش کررہا ہے اور انہوں نے راہول گاندھی کی مہم کی تائید کی۔

آر ایل ڈی ورکرس اور مقامی قائدین نے اپنے پرچم لہراکر یاترا کا خیرمقدم کیا۔ قبل ازیں منگل کے دن آر ایل ڈی سربراہ جینت چودھری نے یاترا کی تائید کی تھی اور کہا تھا کہ یہ عوام کو متحد کرنے کا ذریعہ ہے۔

مختلف یونیورسٹیوں کے پروفیسرس، ڈاکٹرس اور سماجی تنظیموں نے بھی بھارت جوڑو یاترا میں حصہ لیا۔ 5 جنوری کو بھارت جوڑو یاترا یوپی سے ہریانہ میں داخل ہوجائے گی اور اُس کے بعد سری نگر کا رخ کرے گی۔ راہول گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا کے اُترپردیش میں داخل ہونے کے ایک دن بعد چہارشنبہ کو کسی بھی ممتاز قائد نے اس میں حصہ نہیں لیا۔

یاترا میں کافی بھیڑ ہے، لیکن دعوت نامے بھیجے جانے کے باوجود کسی بھی اپوزیشن قائد نے تا حال اس میں حصہ نہیں لیا ہے۔ مغربی اترپردیش، کسان احتجاج کا مرکز رہا ہے، لیکن کسان نیتاؤں نے یاترا میں حصہ نہیں لیا۔ راکیش ٹکیت یا کاشتکاروں کی انجمن کے کسی بھی نمائندہ نے یاترا میں حصہ نہیں لیا۔

کانگریس قائدین کا تاہم کہنا ہے کہ یاترا بڑی بھیڑ جٹانے میں کامیاب رہی اور وہ اتحاد کا پیام عام کررہی ہے۔ کانگریس نے اکھلیش یادو، مایا وتی اور آر ایل ڈی کے جینت چودھری کو مدعو کیا تھا۔ تمام قائدین نے راہول گاندھی سے نیک تمناؤں کا اظہار تو کیا، لیکن یاترا میں حصہ نہیں لیا۔