کھیل

بجرنگ پونیا نے ریسلنگ میں گولڈ میڈل جیت لیا

ہندوستانی مرد پہلوان بجرنگ پونیا نے 22ویں کامن ویلتھ گیمز میں 65 کلوگرام وزن کے زمرہ کے ریسلنگ مقابلے کے فائنل میں کینیڈا کے پہلوان لکلان میکنیل کو شکست دیکر ہندوستان کیلئے گولڈ میڈل جیتا۔

نئی دہلی: ہندوستانی مرد پہلوان بجرنگ پونیا نے 22ویں کامن ویلتھ گیمز میں 65 کلوگرام وزن کے زمرہ کے ریسلنگ مقابلے کے فائنل میں کینیڈا کے پہلوان لکلان میکنیل کو شکست دیکر ہندوستان کیلئے گولڈ میڈل جیتا۔

فائنل میچ میں بجرنگ پونیا نے کینیڈین ریسلر کو 9-2 سے شکست دی۔ اس سے قبل بجرنگ نے اپنا ہر راؤنڈ میچ جیتا اور لگاتار جیت کر فائنل میچ جیتا۔ فائنل میچ میں انہوں نے باؤٹ کے آغاز میں ہی 3-0 کی برتری حاصل کی۔ اس کے بعد اس نے مخالف پہلوان کو چٹائی سے دھکیل کر 4-0 کی برتری حاصل کی۔

انہوں نے پہلے راؤنڈ یعنی 3 منٹ کے کھیل کے اختتام کے بعد اپنی برتری 4-0 برقرار رکھی۔ دوسرے ہاف میں کینیڈین ریسلر نے حملہ کیا لیکن بجرنگ نے اپنا بھرپور دفاع کیا لیکن میک نیل نے اسے فوراً نیچے اتار کر 2 پوائنٹس حاصل کرلیے۔ اس کے بعد بجرنگ نے حملہ کرکے اسے نیچے اتارا اور دو پوائنٹس حاصل کرکے 6-2 کی برتری حاصل کرلی۔

بجرنگ نے ایک اور پوائنٹ حاصل کرنے کیلئے اسے چٹائی سے اتارا اور وہ 7-2 سے آگے ہوگیا۔ دوسرے راؤنڈ کے اختتام تک، بجرنگ نے برتری کو برقرار رکھا اور آخری لمحات میں مزید دو پوائنٹس حاصل کرکے 9-2 سے طلائی تمغہ جیت لیا۔ 28 سالہ بجرنگ پونیا نے اس بار گولڈ میڈل جیتا اور کامن ویلتھ گیمز میں میڈل کی ہیٹ ٹرک بھی مکمل کی۔

اس سے قبل بنجرنگ پونیا نے 2014 کے گلاسگو کامن ویلتھ گیمز میں 61 کلوگرام وزن کے زمرے میں ہندوستان کیلئے سلور میڈل جیتا تھا، جبکہ اس کے بعد سال 2018 میں گولڈ کوسٹ میں 65 کلوگرام وزن کے زمرے میں ہندوستان کیلئے سونے کا تمغہ جیتا تھا۔

اب ایک بار پھر سال 2022 میں انہوں نے دوبارہ گولڈ میڈل جیتا تھا۔ بجرنگ پونیا کی کامیابیوں کی فہرست طویل ہے اور انہوں نے 2020 کے ٹوکیو اولمپکس میں 65 کلوگرام وزن کے زمرے میں ہندوستان کیلئے کانسی کا تمغہ بھی جیتا اور سب کا سر فخر سے بلند کردیا۔

انہوں نے 2918 میں ورلڈ چمپئن شپ میں چاندی کا تمغہ جیتا تھا، 2013 اور 2019 میں کانسی کا تمغہ جیتا تھا۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے ایشیائی کھیلوں میں سال 2014 میں چاندی کا تمغہ اور سال 2018 میں ہندوستان کیلئے سونے کا تمغہ جیتا تھا۔