دہلی

جیل میں ستیندر جین کی مالش کرنے والا فزیوتھراپسٹ نہیں‘ ریپسٹ (Rapist)

ویڈیو فوٹیج میں جیل میں بند دہلی کے وزیر ستیندر جین کو جو شخص مساج کررہا ہے وہ فزیوتھراپسٹ نہیں ہے بلکہ عصمت ریزی کے کیس میں تہاڑ جیل میں بند ایک قیدی ہے۔

نئی دہلی: ویڈیو فوٹیج میں جیل میں بند دہلی کے وزیر ستیندر جین کو جو شخص مساج کررہا ہے وہ فزیوتھراپسٹ نہیں ہے بلکہ عصمت ریزی کے کیس میں تہاڑ جیل میں بند ایک قیدی ہے۔ ذرائع نے منگل کے دن یہ بات بتائی۔

ویڈیو پر تنقید جھیل رہی عام آدمی پارٹی نے زور دے کر کہا تھا کہ ستیندر جین‘ جیل میں فزیوتھراپی کرارہے ہیں جہاں وہ منی لانڈرنگ کیس میں گزشتہ 5 ماہ سے عدالتی تحویل میں ہیں۔

ویڈیوز میں ستیندر جین کو اپنی کوٹھری میں پیٹھ اور پیروں کا مساج کراتے بعض کاغذات پڑھتے اور بستر پر لیٹے لیٹے ملاقاتیوں سے بات کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔ ویڈیو میں منرل واٹر باٹل اور ایک ریموٹ کنٹرول بھی دکھائی دیتا ہے۔ ایک ویڈیو میں وہ کرسی پر بیٹھ کر سر کی مالش کراتے دیکھے جاسکتے ہیں۔

ڈپٹی چیف منسٹر منیش سسوڈیہ نے دعویٰ کیا تھا کہ ستیندر جین ریڑھ کی ہڈی کی فزیوتھراپی کرارہے ہیں۔ انہوں نے بی جے پی پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ سی سی ٹی وی فوٹیج غیرقانونی طورپر لیک کرتے ہوئے طبی مسائل پر ”سستی“ سیاست کررہی ہے تاہم ذرائع کا دعویٰ ہے کہ ویڈیوز میں مساج کرنے والا رنکو نامی قیدی ہے۔

وہ عصمت ریزی کے کیس میں جیل میں بند ہے۔ اس پر پوکسو ایکٹ لگا ہے۔ رنکو‘ فزیوتھراپسٹ نہیں ہے۔ عام آدمی پارٹی قائد گوپال رائے نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی‘سسوڈیہ اور جین کے معاملات اور دیگر اسٹنگ آپریشنس کو اٹھارہی ہے کیونکہ اس کے پاس میونسپل کارپوریشن آف دہلی کے الیکشن میں کوئی موضوعات نہیں ہیں۔

جیل کے اندر ستیندر جین کے ساتھ خصوصی برتاؤ پر انہوں نے کہا کہ امیت شاہ گجرات کی جیل میں تھے اور اس وقت ان کے لئے اسپیشل جیل تھی۔ انہیں جو سہولتیں حاصل تھیں وہ کوئی بھی حاصل نہیں کرسکتا تھا۔ یہ آن ریکارڈ ہے۔

مسئلہ ستیندر جین کے ساتھ خصوصی برتاؤ کا نہیں ہے بلکہ یہ ہے کہ دہلی کے عوام 4 دسمبر کو بی جے پی کے ساتھ کیا برتاؤ کریں گے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی کا واحد ایجنڈہ اروند کجریوال کی امیج مسخ کرنا ہے۔ دہلی میں گزشتہ 10 دن سے 2 پارٹیاں انتخابی مہم چلارہی ہیں جبکہ کانگریس انتخابی جنگ کا حصہ ہی نہیں ہے۔

ایک طرف وہ لوگ ہیں جو اپنی کارکردگی کی بنیاد پر مہم چلارہے ہیں اور دوسری طرف وہ لوگ ہیں جو کیچڑ اچھال رہے ہیں۔ بی جے پی رکن پارلیمنٹ منوج تیواری نے برسراقتدار جماعت پر تنقید کی۔

انہوں نے ٹویٹ کی کہ اروندکجریوال تمہیں شرم آنی چاہئے۔ ڈاکٹروں نے توثیق کردی ہے کہ تہاڑ جیل میں ستیندر جین کا مساج کرنے والا فزیوتھراپسٹ نہیں بلکہ ریپسٹ ہے۔ جیل میں ستیندر جین کا خاص خیال رکھنے میں مبینہ ملوث ہونے پر تہاڑ جیل کے سپرنٹنڈنٹ کو معطل کیا جاچکا ہے۔