تلنگانہ

حاملہ خو اتین میں کے سی آر نیوٹریشن کٹس کی عنقریب تقسیم : ہریش راؤ

ریاستی وزیر صحت ٹی ہریش راؤنے کہاکہ ریاست میں حاملہ خواتین کی بہترین نگہداشت صحت کے لئے عنقریب کے سی آر نیوٹریشن کٹس کی تقسیم عمل میں لائی جائے گی۔

حیدرآباد: ریاستی وزیر صحت ٹی ہریش راؤنے کہاکہ ریاست میں حاملہ خواتین کی بہترین نگہداشت صحت کے لئے عنقریب کے سی آر نیوٹریشن کٹس کی تقسیم عمل میں لائی جائے گی۔

آج ضلع سدی پیٹ کے ملگ ٹاؤن میں 75 بستروں پر مشتمل ہومیوپیتھک ہاسپٹل کا افتتاح انجام دینے کے بعد خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ حاملہ خواتین کے صحت مندرہنے سے ہی صحت مندبچوں کی پیدائش ممکن ہے۔

صحت مندبچوں کے ذریعہ صحت مند تلنگانہ کے مقصد کوحاصل کیاجاسکے گا۔ ہریش راؤ نے کہاکہ شعبہ آیوش کا مستقبل تابناک ہے۔ روزبروز تبدیل ہورہی صورتحال کے درمیان روایتی طریقہ علاج کو فروغ حاصل ہورہا ہے۔ آیوروید‘یوگا‘ نیچروپتی‘یونانی‘سدا‘ہومیو طریقہ علاج کو خاص اہمیت دی جارہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ چیف منسٹرکے چندرشیکھرراؤ کی جانب سے ریاست کے ہرشہری کوبہترین طبی سہولتوں کی فراہمی کی خاطر شہروں میں بستی دواخانے اور دیہاتوں میں پلے دواخانے قائم کئے گئے ہیں۔

پلے دواخانوں میں آیوش ڈاکٹرس کے تقرر کا منصوبہ بنایا گیاہے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ اس تجویزپرمرکزی حکومت سے بھی عمل کرنے کی خواہش کرتے ہوئے مرکزی سکریٹری آیوش راجیش کو مکتوب روانہ کیاگیا ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ حیدرآباد میں نیچرکیورہاسپٹل کی ترقی کے لئے 6 کروڑ روپے خرچ کئے جارہے ہیں۔

اس کے علاوہ سدی پیٹ کے طرز پر وقارآباداور بھوپالاپلی میں 50بستروں پرمشتمل آیوش ہاسپٹلس قائم کئے جائیں گے۔وزیر صحت نے مزید کہاکہ ریاست میں 834 آیوش ڈسپنسریز‘5 کالجس اور4ریسرچ ہاسپٹلس کام کررہے ہیں جہاں ہرطرح کے امراض کاعلاج کیا جارہا ہے۔